وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے گوجرانوالہ میں بارشی پانی کی نکاسی کے جاری آپریشن کا موقع پر جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اقدامات پر سیکرٹری ہاؤسنگ کو بریفنگ دی، جبکہ ایم ڈی واسا گوجرانوالہ احد ڈوگر نے پمپنگ مشینری، افرادی قوت اور ڈی واٹرنگ آپریشن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام متاثرہ اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی جلد از جلد نکاسی یقینی بنائی جائے اور نکاسیٔ آب میں رکاوٹ پیدا کرنے والے مقامات کی فوری نشاندہی کرکے انہیں دور کیا جائے۔
انہوں نے تمام پمپنگ اسٹیشنز، ڈسپوزل اسٹیشنز اور دستیاب مشینری کو مکمل استعداد کے ساتھ فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے فیلڈ افسران کو حکم دیا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں مسلسل موجود رہیں اور ڈی واٹرنگ آپریشن کی خود نگرانی کریں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی اور بروقت رسپانس یقینی بنایا جائے، جبکہ تمام دستیاب مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لا کر شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ گوجرانوالہ میں بارش کی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ جاری ہے اور بارشی پانی کی مکمل نکاسی تک ڈی واٹرنگ آپریشن پوری رفتار کے ساتھ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دی جائے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مون سون کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ کاری کے ذریعے نکاسیٔ آب کے آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔






