ڈپٹی کمشنر لاہور کا نواز شریف سکول آف ایمیننس کا دورہ

شہریوں کو جدید ترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری سکولوں کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے مشن کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے نواز شریف سکول آف ایمیننس ہربنس پورہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شالیمار اور سی ای او ایجوکیشن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جہاں انہوں نے مختلف کلاس رومز اور تعلیمی سیکشنز کا معائنہ کر کے وہاں موجود سہولیات اور تدریسی ماحول کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی سی لاہور کو بریفنگ دی گئی کہ طلبہ کو جدید سمارٹ بورڈز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹولز کے ذریعے ایک انٹرایکٹو ماحول میں تعلیم دی جا رہی ہے جو کہ دورِ حاضر کی اہم ضرورت ہے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے سکول کی جدید سائنس اور آرٹ لیبز کا بھی معائنہ کیا اور طلبہ کی جانب سے تیار کردہ تخلیقی پروجیکٹس کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کا تقاضا ہے اور ضلعی انتظامیہ سرکاری سکولوں کو جدید ترین سہولیات سے لیس کر کے معیارِ تعلیم میں بہتری لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو بہترین اور محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے تاکہ سرکاری اداروں کے بچے بھی نجی اداروں کے ہم پلہ ہو سکیں۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تعلیمی نظام ہی بچوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ تعلیمی معیار کی مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھے گی تاکہ ہر بچے کو یکساں اور معیاری تعلیم میسر آ سکے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور شہریوں کو بہترین تعلیمی ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ انتظامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button