ہر تحصیل میں الیکٹروبس چلے گی،پنجاب میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس کا آغاز جنوری سے کر دیا جائے گا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت ڈویژن اوراضلاع کے بعداب ہر تحصیل میں الیکٹروبس چلے گی۔ پنجاب میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس کا آغاز جنوری سے کر دیا جائے گا۔ صوبہ کی91تحصیلوں میں 1500الیکٹروبسیں چلیں گی۔ ہر تحصیل کیلئے مخصوص الیکٹروبس ڈپوکی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔الیکٹروبس سروس کیلئے پہلا بیج جنوری 2027ء میں لاہور پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مختلف اضلاع میں مزید الیکٹروبسوں کی فراہمی کی منظوری دیدی۔پنجاب بھر میں جون 2027 تک تین ہزار الیکٹروبسیں چلیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستمبر(رواں ماہ کے آخر) تک الیکٹروبس سروس کا پہلا فیز مکمل کرنے کا ہدف دے دیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان کی 9 تحصیلوں میں 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں کیلئے 87، بہاولپور کی 11 تحصیلوں میں 215 الیکٹروبسیں آئیں گی۔ ڈی جی خان کی 10 تحصیلوں میں 63، فیصل آباد کی 12 تحصیلوں میں 202 اور سرگودھا کی14تحصیلوں میں 198 الیکٹروبسیں چلیں گی۔ گوجرانوالہ کی 7تحصیلوں میں 125 الیکٹروبسیں، گجرات کی 8 تحصیلوں میں 122، راولپنڈی کی 16 تحصیلوں میں 219 الیکٹرو بسیں چلیں گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں 612 الیکٹروبسیں پوری طرح آپریشنل ہونے سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہورہے ہیں۔ ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مزید 192 الیکٹروبسیں چند روز میں فنکشنل ہوجائیں گی۔ سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور، مظفر گڑھ، راولپنڈی، جھنگ، بہاولپور، رحیم یار خان اور اٹک کو مزید الیکٹروبسیں ملیں گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھکر،حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ،لیہ، اوکاڑہ،سیالکوٹ، مری، گجرات اور شیخوپورہ میں بھی اضافی الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔ منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب، نارووال، گوجرانوالہ اور ملتان میں مزید بسیں فراہم کی جائیں گی۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔ لاہور میٹروبس سروس کے 25 سٹیشن کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹ بھی زیر تکمیل ہیں۔

جواب دیں

Back to top button