میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں، دنیا کو چاہیے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کراچی زو کو شہریوں کے لیے ایک بہتر، خوبصورت اور تفریحی مقام بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، فلاور شو کے انعقاد کا مقصد شہریوں میں پودوں، درختوں اور ماحول کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے،

جبکہ قوالی جیسی ثقافتی سرگرمیاں کراچی کی روایتی رونقوں کو بحال کرنے کا ذریعہ ہیں،ان ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چڑیا گھر میں منعقدہ فلاور شو اور قوالی کی محفل کا افتتاح کرنے کے موقع پرکیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، بڑی تعداد میں شہری، سول سوسائٹی کے نمائندے، پارٹی کارکنان اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے،تقریب کا انعقاد یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کیا گیا جس میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کہ باردری میں بارہ لوگ نہیں ہوتے تھے، آج ہزاروں افراد شریک ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے شہری اپنے شہر سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والے اپنے شہر پر فخر کرتے ہیں اور یہی اس شہر کی خاص بات ہے کہ لوگ فخریہ خود کو کراچی والا کہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بہتری اور ترقی کے سفر کو جاری رکھے گی، اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں منشور پر عمل درآمد کے لیے متحد ہیں۔ میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کراچی زو میں اپنی تقاریب منعقد کریں، کیونکہ یہاں سے حاصل ہونے والی آمدنی جانوروں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی، تقریب کے دوران فلاور شو کے ساتھ قوالی کی محفل نے شرکاء کو محظوظ کیا اور کراچی زو میں ایک خوشگوار اور پُررونق ماحول دیکھنے میں آیا۔ شہریوں نے میئر کراچی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ایسے پروگرامز کے تسلسل کا مطالبہ کیا۔






