میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری، شہریوں کی جانب سے چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر مزار اقدس پر حاضری دی، کراچی کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی دینی، روحانی اور سماجی خدمات کو سراہا، میئر کراچی نے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار شہر کراچی کے لیے ایک عظیم روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ شہر کے تاریخی اور مذہبی تشخص کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال عرس کے موقع پر ملک بھر سمیت بیرون ملک سے بھی عقیدت مند بڑی تعداد میں مزار پر حاضری دیتے ہیں اور اپنے روحانی جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ سمیت ہمارے تمام بزرگانِ دین نے محبت، بھائی چارے، رواداری اور امن کا درس دیا اور دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو عام کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان ہستیوں کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی، انہوں نے کہا کہ عرس کے تین روزہ اجتماعات کے دوران زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے تمام متعلقہ اداروں نے بھرپور انتظامات کیے ہیں تاکہ عقیدت مند پرامن اور سہل ماحول میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں، میئر کراچی نے مزید کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ سے کراچی کے عوام کی خصوصی عقیدت وابستہ ہے اور ان کے فیوض و برکات سے یہ شہر ایک منفرد روحانی شناخت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اولیائے کرام کے مزارات سے وابستہ مذہبی اور ثقافتی روایات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہو ں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں پیر 8 جون کو کراچی میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں واقع تمام دفاتر سوائے لازمی خدمات اس موقع پر بند رہیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے سٹی کونسل کی قرارداد نمبر 594، مورخہ 27 جنوری2005ء کے تحت حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button