میئر حیدرآباد کاشف علی شورو سے جاپان کے قائم مقام قونصل جنرل کی ملاقات، باہمی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

میئر حیدرآباد کاشف علی شورو سے جاپان کے قائم مقام قونصل جنرل برائے کراچی مسٹر TAMURA Takahiro نے اپنے وفد کے ہمراہ خیرسگالی ملاقات کی۔ وفد میں محترمہ فاطمہ حسین، کلچرل اینڈ پبلک افیئرز اسسٹنٹ بھی شامل تھیں۔جاپانی قونصل کے دو رکنی وفد کے میئر سیکریٹریٹ پہنچنے پر میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے دیگر کے ہمراہ انکا خیر مقدم کیا اور انہیں گلدستے اور سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی و اجرک کے تحائف پیش کئے ملاقات میں ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن، ٹاؤن چیئرمینز عبدالغفور درس، منٹھار جتوئی، عدنان رشید، مصطفی بلال، عمیر چانڈیو، تاج ولی خان، پیپزپارٹی ڈیجیٹل میڈیا کوارڈینیٹر ہماء نقوی، کونسل کی خواتین رکن صبا ظہور عباسی و دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر میئرحیدرآباد کاشف علی شورو نے وفد کو حیدرآباد کی تاریخ، ثقافت، بلدیاتی نظام اور شہری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت نے شہر کو درپیش بنیادی مسائل، خصوصاً پینے کے صاف پانی، نکاسیٔ آب اور سڑکوں کی بہتری کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بحالی اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے متعدد منصوبوں پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔جاپان کے قائم مقام قونصل جنرل مسٹر TAMURA Takahiro نے سندھ میں جاپان کے جاری ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً صحت، توانائی کے شعبوں میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جاپان مستقبل میں بھی سندھ کے ساتھ ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے حیدرآباد میں جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے صاف پانی، ماحولیات، شمسی توانائی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے جاپان اور حیدرآباد کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، علم، ثقافت، بلدیاتی انتظام، ماحولیات، تعلیم اور پائیدار شہری ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ آخر میں میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے جاپانی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں باہمی روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

Back to top button