ضلعی انتظامیہ لاہور کاشہریوں کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے براہِ راست جوڑنے کے لیے لبرٹی چوک میں میگا لائیو سکریننگ کا بڑا فیصلہ

لاہور میں فٹ بال کے عالمی جنون کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے براہِ راست جوڑنے کے لیے لبرٹی چوک میں میگا لائیو سکریننگ کا بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبداللہ خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ذولقرنین خان، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کلیم یوسف، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالسمیع شیخ اور پولیس حکام سمیت پی ایچ اے، پیرا اور ٹریفک پولیس کے نمائندوں نے شرکت کی جہاں ڈپٹی چیف آفیسر ایم سی ایل محمد جمیل نے ڈپٹی کمشنر کو لبرٹی چوک میں سکریننگ کے سائٹ پلان، بڑی سکرین کی تنصیب اور شہریوں کے بیٹھنے کے انتظامات پر تفصیلی تکنیکی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی کہ وہ لبرٹی چوک کا مشترکہ وزٹ کر کے انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل کریں اور سکریننگ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے پارکنگ کے بہترین انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لبرٹی چوک میں نصب ہونے والی بڑی سکرین اور آواز کا معیار بہترین ہونا چاہیے جبکہ پی ایچ اے، پیرا اور پولیس حکام سکریننگ ایریا میں مثالی نظم و ضبط اور فول پروف سکیورٹی برقرار رکھنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ ڈی سی لاہور نے حکم دیا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے شروع ہونے والے اس میچ کے دوران تمام انتظامی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے کیونکہ نیویارک سے براہِ راست فائنل دیکھنے کے لیے لبرٹی میں شہریوں کو ایک مثالی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ لبرٹی چوک میں فٹ بال کا جنون اپنے عروج پر ہوگا اور کھیلوں کا فروغ اور شہریوں کو صحت مند تفریح کی فراہمی انتظامیہ کے عوامی خدمت کے مشن کا حصہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ لبرٹی چوک میں ہونے والی یہ لائیو سکریننگ نہ صرف فٹ بال کے مداحوں کے لیے ایک تحفہ ثابت ہوگی بلکہ انتظامی فعالیت اور بہترین کوآرڈینیشن کی ایک اعلیٰ مثال بنے گی جس کے ذریعے شہریوں کو ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔

جواب دیں

Back to top button