لاہور کے شہریوں کی جان و مال کو مون سون کی بارشوں اور ممکنہ سیلابی ریلوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور پوری قوت سے فیلڈ میں متحرک ہے جس کی براہِ راست مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز خود کر رہے ہیں۔ اسی مشن کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے تحصیل رائے ونڈ کے دریائی علاقوں کا ایک تفصیلی اور ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے موہلنوال کے عقب میں واقع دریائی بیلٹ اور مختلف حفاظتی بندوں کی مضبوطی اور حالت کا باریک بینی سے معائنہ کیا ہے۔
اس اہم فیلڈ معائنے کے موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کلیم یوسف، اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ بابر علی رائے اور محکمہ انہار کے اعلیٰ افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے جہاں متعلقہ محکموں کے حکام نے ڈی سی لاہور کو حفاظتی بندوں کی موجودہ صورتحال، پتھروں کی بھرائی اور آپریشنل تیاریوں پر مفصل تکنیکی بریفنگ دی۔ معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر لاہور نے واسا، ایم سی ایل اور محکمہ انہار کے افسران کو م ہدایت جاری کی کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام حفاظتی بندوں کی چوبیس گھنٹے کڑی نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی ضرورت سے نمٹنے کے لیے فیلڈ میں اضافی عملہ اور بھاری مشینری کو ہائی الرٹ موڈ پر رکھا جائے۔ انہوں نے سختی سے حکم دیا کہ نشیبی علاقوں کی مانیٹرنگ کے عمل میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور تمام ضلعی ٹیمیں ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کے لیے پوری طرح لیس رہیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین انتظامی و اخلاقی ذمہ داری ہے اور وہ خود روزانہ کی بنیاد پر حفاظتی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوامی ریلیف کا مشن کامیابی سے جاری رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط اور جامع آپریشنل پلان تیار ہے جس کے تحت تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی سطح پر سستی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔






