ضلع ملیر حسن پنہو گوٹھ میں اقلیتوں کیلئے 100 گھروں کی تقسیم، سولر سسٹم،200 سلائی مشینیں اور آر او پلانٹ منصوبے کا افتتاح

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر کی یوسی 1 چوکنڈی، حسن پنہور گوٹھ میں اقلیتی برادری کے لیے تعمیر کیے گئے 100 گھروں کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کی اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ مستحق خاندانوں میں گھروں کی چابیاں تقسیم کردیں، میئر کراچی نے خواتین میں 200 سلائی مشینیں بھی تقسیم کیں جبکہ 100 گھروں کے لیے مکمل سولر سسٹم اور آر او پلانٹ منصوبے کا افتتاح بھی کیا،اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی،ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، رشید مغل، منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”روٹی، کپڑا اور مکان“ صرف وعدہ یا منشور نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جس کے علمبردار چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ صرف گھروں کی فراہمی یقینی بنائی ہے بلکہ صاف پینے کے پانی کے لیے آر او پلانٹ اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سولر سسٹم بھی فراہم کیے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، عوام کی امانت میں خیانت نہیں کی جائے گی، چوکُنڈی میں 100 گھروں کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی عوامی خدمت کی عملی مثال ہے،سولر سسٹم سے گھروں کو توانائی جبکہ آر او پلانٹ سے صاف پینے کا پانی میسر آئے گا جس سے مقامی آبادی کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی، میئر کراچی نے کہا کہ حکومت سندھ کی خصوصی گرانٹ کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے لیڈر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ایک ہی ہدایت ہے کہ کراچی اور کراچی والوں کی خدمت کی جائے، اسی وژن کے تحت عوامی خدمت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے اور مستحق خاندانوں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہے، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور کراچی کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عوام کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندوں سے محبت اور اعتماد ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، ہم بھی عوام کے ساتھ ہر دکھ اور مشکل میں کھڑے رہیں گے، پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں اس لیے زندہ ہے کہ اس نے جو وعدے کیے، انہیں عملی شکل دینے کی کوشش کی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی،انہوں نے کہا کہ میں میئر نہیں بلکہ عوام کا خادم ہوں اور عوام کی خدمت میری ذمہ داری ہے، جب بھی چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوتی ہے تو ان کا بنیادی سوال یہی ہوتا ہے کہ میرے لوگوں کے لیے کیا کیا جارہا ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو کیسے پورا کیا جارہا ہے؟ یہی احتساب اور چیک اینڈ بیلنس ہمیں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے پر مجبور کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیا اور سندھ حکومت نے اس وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام شروع کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا میں شاید ہی کسی حکومت نے اتنے بڑے پیمانے پر متاثرہ خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا ہو، یہ بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کی عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے،میئر کراچی نے کہا کہ جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہے ہیں تو کراچی میں پیپلز پارٹی کے نمائندے بھی عوام کو ان کا حق دینے میں پیچھے نہیں رہ سکتے، انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت کے نمائندے عوام کے مسائل لے کر ہمارے پاس آتے ہیں اور اپنی برادریوں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں، اسی جذبے کے تحت اقلیتی برادری کے لیے 100 گھروں کی تعمیر کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ اقلیتی برادری کے لیے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو سٹی کونسل سے منظور کرایا گیا اور آج مستحق خاندان ان گھروں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں،کیا کسی نے تصور کیا تھا کہ انہیں اپنا گھر اور اپنی چھت ملے گی؟ آج یہ خواب حقیقت بن چکا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ خواتین، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو بااختیار بنانے کے لیے 200 سلائی مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ ہنر کے ذریعے اپنے خاندان کی کفالت میں اپنا کردار ادا کرسکیں، انہوں نے کہا کہ یہی پاکستان پیپلز پارٹی کا نظریہ ہے کہ عوام کے درمیان رہ کر ان سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے ہر ٹاؤن اور ضلع میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندے عوامی خدمت کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری سنبھالی تو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی ایک مسئلہ تھی، تاہم مالی نظم و نسق اور اصلاحات کے ذریعے آج نہ صرف ملازمین کو بروقت تنخواہیں دی جارہی ہیں بلکہ ترقیاتی کام بھی کیے جارہے ہیں جو عوام کا حق ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی کے غریب عوام کو لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بھاری بلوں سے درپیش مشکلات کا بھی احساس ہے، جس طرح اقلیتی آبادی کے لیے سولر سسٹم فراہم کیا گیا ہے، اسی طرح کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی سولر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ عام آدمی کی زندگی آسان بنائی جاسکے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ غریب آبادیوں میں پانی کے مسائل کے حل کے لیے مزید فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں جہاں پانی کا انفراسٹرکچر ناکافی ہے وہاں اضافی وسائل سے پانی کی فراہمی بہتر بنائی جائے گی، انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اچھا وقت ہو یا برا، انتخابات ہوں یا نہ ہوں، ہم عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گے اور انہیں ان کا حق دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

Back to top button