صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے دورہ ملتان کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی، جس میں فرینڈلی پولیسنگ کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کا اعتماد بحال کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر بلال یاسین نے ہدایت کی کہ لاء اینڈ آرڈر سے متعلق عوامی فیڈبیک کا مؤثر نظام فعال کیا جائے اور شہریوں کی شکایات پر پولیس افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ بہترین پولیسنگ کیلئے عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آنا اور اعتماد کی فضا قائم رکھنا ناگزیر ہے، جبکہ پولیس اہلکاروں کی اخلاقی تربیت کیلئے خصوصی کورسز بھی کروائے جائیں۔بلال یاسین نے فرینڈلی پولیسنگ کے فروغ کیلئے خصوصی مہم چلانے اور ریاست مخالف عناصر و احتجاجی گروپوں کی بروقت نشاندہی کیلئے انفارمیشن نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی
۔اجلاس میں عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے کیلئے عملی اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل نے صوبائی وزیر کو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان ریجن میں 4 اضلاع، 14 تحصیلیں اور 391 یونین کونسلز پر مشتمل پولیس نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی صورتحال مجموعی طور پر بہتر ہے اور کوئی مخصوص تھریٹ موجود نہیں، جبکہ سلیپر سیلز کی نشاندہی، کومبنگ آپریشنز اور فورتھ شیڈول افراد کی کڑی نگرانی جاری ہے۔مزید بتایا گیا کہ رواں سال مختلف مذہبی و قومی تقریبات کے موقع پر ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ سکولز کے قیام سے عوامی سہولیات میں اضافہ ہوا ہے۔یوم مزدور، عرس اور محرم الحرام کیلئے جامع سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ امن و امان کیلئے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاست مخالف پراپیگنڈہ اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ امن کمیٹیوں کے ذریعے امن و بھائی چارے کا پیغام عام کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں ڈی سی ملتان نعمان صدیق سی پی او ملتان صدیق ڈوگر اور سیاسی رہنما بھی شریک تھے۔






