وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے واسا ہیڈکوارٹر میں عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔ وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ سنت ابراہیم کی ادائیگی کے بعد گلی محلے میں آلائشوں کے ڈھیر لگ جاتے ہیں۔تمام پنجاب میں ان ایام میں صفائی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں میں صفائی اور کارکردگی سے ہی ہمارا مقابلہ گزشتہ سالہ کارکردگی سے ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تمام کابینہ اور افسران فیلڈ میں نظر آئیں گے۔ انشاء اللہ عید کے تینوں ایام میں ہر دروازے سے آلائشیں اٹھائی جائیں گی۔ گیس، بجلی اور پانی سپلائی کا تسلسل برقرار رہے گا۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ تمام واسا ملازمین کی چھٹیاں منسوخ ، تینوں ایام مسلسل آپریشن یقینی بنایا جائے گا۔ واسا آپریشنز کا آغاز نماز عیدالفطر کے بعد فیلڈ نگرانی سے ہوگا۔ 
ایک سال میں 5 واسا سے 41 اضلاع میں واسا کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کی مرہون منت ہے۔ 14 کروڑ عوام کا صوبہ یے، جرمانوں کا مقصد قانون پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کراچی اور پنجاب ایک کنبہ ہیں۔ میں اپنے ہی دوسرے شہر پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں سے متعلق تفصیلی ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ بلال یاسین نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ پانی کا استعمال اعتدال سے کریں۔ نہر اور اوپن ڈرینز میں آلائشیں پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائیں گے۔





