شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے مشن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور نے تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس کی براہِ راست نگرانی ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز خود کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے آج ٹاؤن ہال لاہور میں "سول ڈیفنس ریسیلینس فورس” کے خصوصی تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ افتتاح کیا اور لانچنگ سیشن کی صدارت کی ہے۔
اس اہم تقریب کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبداللہ خان، سول آفیسر اشفاق احمد اور سول ڈیفنس فورس کے افسران و اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جہاں ڈی سی لاہور کو ریسیلینس فورس کی جدید تربیت، ہنگامی تیاریوں اور فیلڈ آپریشنز کے حوالے سے مفصل تکنیکی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس فورس نے شدید موسم، ہنگامی حالات اور ہر قسم کی بحرانی صورتحال میں ہمیشہ ضلعی انتظامیہ کے ہراول دستے کا مثالی کردار ادا کیا ہے اور وہ خود فورس کے جوانوں کو مشکل ترین فیلڈ حالات میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے دیکھ چکے ہیں جو کہ پوری انتظامیہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریسیلینس فورس کی اس جدید تربیت کا بنیادی مقصد شہریوں کو کسی بھی ناگہانی آفت یا ہنگامی ضرورت کی صورت میں فوری اور پیشہ ورانہ ریلیف فراہم کرنا ہے کیونکہ مشکل وقت میں عوام کی بے لوث خدمت کرنا انتظامیہ کی اولین انتظامی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ڈی سی لاہور نے ہدایت کی کہ اس تربیتی پروگرام کے ذریعے سینکڑوں جوانوں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ وہ فیلڈ میں انتظامیہ کے موثر بازو کے طور پر متحرک ہو کر عوامی تحفظ کے حصار کو مزید مضبوط بنا سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کو ایک محفوظ اور آفات سے پاک شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور مشینری کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور جوانوں کو جدید ترین ریسکیو مہارتوں سے لیس کرنا اسی مشن کا حصہ ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسپانس ٹائم کو کم سے کم کر کے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔





