وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ اندرون لاہور میں جاری پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ داتا دربار، بھاٹی چوک اور ریلوے اسٹیشن پر جاری ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے تعمیراتی کاموں میں حائل تمام انتظامی اور تکنیکی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ داتا دربار کے گردونواح اور بھاٹی چوک انڈر پاس کو آئندہ 15 روز میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ ریلوے اسٹیشن کے گرد پارکنگ ایریا میں جدید ڈانسنگ فاؤنٹین جلد نصب کی جائے گی۔
⁰
صوبائی وزیر بلال یاسین نے واضح کیا کہ عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری منصوبوں کی اولین ترجیح ہے۔منصوبوں کی تکمیل سے تاریخی اور تجارتی اہمیت کے حامل علاقوں میں آمدورفت کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ داتا دربار اور بھاٹی چوک کے گردونواح کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں اضافہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا تحفہ ہے۔ ریلوے اسٹیشن کے اطراف انفراسٹرکچر کی بہتری سے مسافروں کو جدید اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبائی دارالحکومت کو جدید، منظم اور عالمی معیار کے شہری انفراسٹرکچر سے آراستہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ڈی جی ایل ڈی اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور فنشنگ کے کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔






