کے ایم سی کا ساحلی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی رسپانس سینٹر اپ گریڈ کرنے، فائر اینڈ ریسکیو انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت اور عوامی تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایمرجنسی رسپانس انفراسٹرکچر کی بہتری اور توسیع کا ایک جامع پروگرام شروع کر دیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر کے ایم سی نے اہم فائر اینڈ ریسکیو مراکز کی بحالی، توسیع اور نئے مراکز کے قیام کے لیے 10 کروڑ روپے مالیت کے ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں، اس منصوبے کا مقصد شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بہتر بنانا ہے، بالخصوص ساحلی سیزن کے دوران جب ہزاروں شہری کراچی کے ساحلوں کا رخ کرتے ہیں، منصوبے کے تحت کے ایم سی اپنے ایمرجنسی رسپانس سینٹر کو اپ گریڈ کرے گی تاکہ ساحلی علاقوں میں پیش آنے والے ہنگامی واقعات سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ خاص طور پر ہاکس بے بیچ پر، جہاں تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران ڈوبنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اپ گریڈ شدہ مرکز ریسکیو ٹیموں کو تیز رفتار اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت فراہم کرے گا، جس کے ذریعے جان بچانے والے عملے اور ضروری آلات کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی، انسانی جانوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید سہولیات سے آراستہ ایمرجنسی رسپانس سینٹر رابطہ کاری، مواصلاتی نظام اور ہنگامی ردعمل کی صلاحیت کو مزید بہتر بنائے گا، جس کے نتیجے میں ریسکیو اہلکار کم سے کم وقت میں متاثرین تک پہنچ سکیں گے اور کراچی کے ساحلی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا، ساحلی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے علاوہ کے ایم سی ماری پور میں ایک نئی فائر اسٹیشن بھی قائم کرے گی، جو اطراف کے صنعتی علاقوں کے لیے ایک خصوصی ایمرجنسی رسپانس مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ اس نئی سہولت سے کراچی کے اہم صنعتی زون میں ہنگامی صورتحال پر ردعمل کا وقت نمایاں طور پر کم ہوگا اور صنعتوں، تجارتی مراکز اور قریبی رہائشی آبادیوں کو فوری فائر فائٹنگ اور ریسکیو خدمات فراہم کی جا سکیں گی، ترقیاتی منصوبے میں رینبو سینٹر فائر اسٹیشن، لیاری فائر اسٹیشن اور کے ایم سی فائر ہیڈکوارٹرز کی جامع بحالی بھی شامل ہے، جس سے ان اداروں کی کارکردگی اور استعداد میں اضافہ ہوگا اور فائر ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی آپریشنل تیاری مزید بہتر بن سکے گی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فائر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو بروقت اور مؤثر ہنگامی خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی مراکز کی بحالی اور توسیع نہ صرف فائر فائٹنگ آپریشنز کو بہتر بنائے گی بلکہ کراچی کی آفات سے نمٹنے کی تیاری، ریسکیو صلاحیت اور ایمرجنسی مینجمنٹ نیٹ ورک کو بھی مزید مستحکم کرے گی۔ اپ گریڈ شدہ انفراسٹرکچر کے ذریعے کے ایم سی آگ لگنے کے واقعات، صنعتی حادثات، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات اور ساحلی ہنگامی صورتحال سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹنے کے قابل ہو جائے گی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کے ایم سی جدید ایمرجنسی سروسز اور عوامی تحفظ کے انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے ایک محفوظ اور مضبوط کراچی کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو سہولیات کی بہتری شہر کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو معیاری بلدیاتی خدمات کی فراہمی اور ان کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

جواب دیں

Back to top button