میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ نے ملاقات کی، جس میں کراچی میں شہریوں کو بہتر شناختی سہولیات کی فراہمی، نئے نادرا سینٹرز کے قیام اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ضلع جنوبی میں ایک جدید نادرا سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،
اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ شاہراہِ لیاقت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ملکیتی زمین نادرا سینٹر کے قیام کے لیے فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو جدید اور معیاری سہولیات ایک ہی جگہ میسر آسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر نادرا کے مزید سینٹرز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور شہری حکومت شہریوں کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور پہلی مرتبہ شہری قیادت عوامی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے،انہوں نے کہا کہ صدر کراچی کا اہم تجارتی اور کاروباری مرکز ہے جہاں روزانہ ہزاروں شہری اور تاجر آتے ہیں، اس لیے شاہراہِ لیاقت پر جدید نادرا سینٹر کے قیام سے نہ صرف ضلع جنوبی بلکہ شہر بھر کے شہریوں اور تاجر برادری کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی،میئر کراچی نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے دیگر اضلاع میں بھی نادرا سینٹرز کے قیام کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے آسان، تیز رفتار اور معیاری خدمات میسر آسکیں۔






