*پنجاب بھر کے واسا ڈسپوزل اسٹیشنز کے عملے کے لیے فائر سیفٹی ٹریننگ لازمی قرار*

سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نورالامین مینگل کی منظوری سے پنجاب بھر میں واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسیز (واساز) کے زیر انتظام تمام ڈسپوزل اسٹیشنز پر تعینات عملے کے لیے فائر سیفٹی ٹریننگ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔پنجاب واسا کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام واساز کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کو متعلقہ اضلاع کی ریسکیو 1122 انتظامیہ سے فوری رابطہ کرنے اور اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کے عملے کے لیے باقاعدہ اور عملی فائر سیفٹی ٹریننگ سیشنز منعقد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس اقدام کا مقصد تمام واسا ڈسپوزل اسٹیشنز پر آپریشنل سیفٹی، بالخصوص فائر سیفٹی کے نظام کو معیاری بنانا اور ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فیلڈ اسٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔تربیتی سیشنز میں بنیادی فائر سیفٹی، ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے طریقہ کار سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ سیشنز ریسکیو 1122 کے تعاون سے منعقد کیے جائیں گے۔تمام واساز کو ہر ڈسپوزل اسٹیشن پر منعقد ہونے والے تربیتی سیشنز کی ہائی ریزولوشن ویڈیو اور فوٹوگرافک ریکارڈنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔پنجاب واسا کی جانب سے تمام واساز کو مکمل کمپلائنس رپورٹس، تربیتی سیشنز کی ویڈیو ریکارڈنگ سمیت، سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور پنجاب واسا کے دفاتر کو مرکزی نگرانی اور ریکارڈ کے لیے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔یہ ہدایات سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، حکومت پنجاب کی منظوری سے جاری کی گئی ہیں۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اس اقدام سے واسا کے فیلڈ اسٹاف کی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت بہتر ہوگی جبکہ ڈسپوزل اسٹیشنز پر محفوظ آپریشنز کو فروغ ملے گا۔

جواب دیں

Back to top button