میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نارتھ ناظم آباد بلاک جے میں ڈوئل کیرج وے کی بہتری کے منصوبے کا افتتاح کردیا

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد بلاک جے میں ڈوئل کیرج وے کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی،اراکین سٹی کونسل،منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد بلاک جے میں 3 ہزار 500 فٹ طویل ڈوئل کیرج وے تعمیر کیا گیا ہے جس پر 12 کروڑ 83 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، منصوبے کا مقصد شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت 3 ہزار 500 فٹ طویل سڑک کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ اس طویل فاصلے پر پختہ شولڈر بھی تعمیر کیا گیا ہے، منصوبے میں شہریوں کی سہولت کے لیے 3 ہزار 500 فٹ طویل فٹ پاتھ کی تعمیر بھی شامل ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو بند کرکے سیاست چمکانے اور پریس کانفرنسوں میں اضافہ کرنے کی سیاست قابل مذمت ہے، شہر کے لاکھوں محنت کشوں، تاجروں اور عام شہریوں کی مشکلات کا کسی کو احساس نہیں، ایک دن کراچی بند ہونے سے پاکستان کو ہونے والے کروڑوں روپے کے معاشی نقصان کا بھی کسی نے نہیں سوچا، کراچی نے بڑی قربانیوں اور محنت کے بعد امن اور معمولات زندگی کی بحالی دیکھی ہے، دوبارہ شہر کو یرغمال بنانے کی کوشش کسی صورت قابل قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ خدا کے لیے تصادم اور احتجاج کی سیاست سے نکل کر تعمیر و ترقی کی سیاست پر توجہ دی جائے، اگر متعلقہ علاقوں میں پہلے کام کیا گیا ہوتا تو آج ہمیں وہاں ترقیاتی کام نہ کرنا پڑتے، انہوں نے کہا کہ اگر ان علاقوں میں عوامی مسائل حل کیے جاتے تو مرتضیٰ وہاب یا سلمان عبداللہ مراد کو سڑکیں تعمیر کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی، لیکن کام نہ ہونے کے باعث بلدیہ عظمیٰ کراچی کو یہ ذمہ داری ادا کرنا پڑ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندے ہیں اور ہمارا وعدہ عوام کی خدمت اور شہر کی تعمیر و ترقی ہے، ہم اسی وعدے کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، انہوں نے احتجاج کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول پمپ بند کرنا، دکانیں بند کروانا، معصوم شہریوں کی موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچانا اور پھر عوامی خدمت کا دعویٰ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے،انہوں نے کہا کہ اگر واقعی عوام کے مسائل حل کرنے ہیں تو کام کرکے دکھایا جائے، اپنے یوسی اور ٹاؤن میں ترقیاتی کام کیے جائیں اور کارکردگی کے ذریعے جواب دیا جائے، حکومت کے خلاف احتجاج کی آڑ میں کراچی کے مزدوروں، تاجروں، طلبہ اور عام شہریوں کو نقصان پہنچانا کسی طور درست نہیں،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی انجن ہے، اسے روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، حکومت اور وزیراعظم سے بھی درخواست ہے کہ ایسے اقدامات کے حوالے سے ایک مرتبہ فیصلہ کرنا ہوگا کیونکہ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ اپنی سیاست کے لیے کراچی کے تاجروں، دکانداروں، اسکولوں، کالجوں اور بچوں کو مشکلات میں مبتلا کرے،انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے شخص کے خلاف سو فیصد کارروائی ہونی چاہیے، عوام کے مسائل حل کرنے کا دعویٰ کرنے والے اگر پٹرول پمپ اور دکانیں بند کروائیں گے تو اس سے نقصان حکومت یا کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ کراچی کے عام شہری کا ہوگا،انہوں نے سوال کیا کہ یہ احتجاج کس کے خلاف ہے؟ اگر حکومت کے خلاف ہے تو نقصان کراچی کے محنت کشوں کا کیوں ہو رہا ہے؟ اگر وزیراعظم کے خلاف ہے تو کراچی کے تاجروں کو نقصان کیوں پہنچایا جا رہا ہے؟ اور اگر اوگرا کے خلاف احتجاج ہے تو نقصان کراچی کے عام شہریوں اور بچوں کا کیوں ہو رہا ہے؟انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ شہر معمول پر ہے اور انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، ہمارا عزم ہے کہ کراچی کو آگے لے کر جائیں گے، کراچی ترقی کرے گا، سندھ ترقی کرے گا اور پاکستان بھی ترقی کرے گا،انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو بہتر، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، شہر میں سڑکوں اور بنیادی شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے شہریوں کے وسیع تر مفاد میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button