چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے آئی سی ٹی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور سی ڈی اے (کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی) کے پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے کے سینئر افسران اور پنجاب لینڈ اینڈ ریونیو اتھارٹی (PLRA) کے افسران نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران پی ایل آر اے افسران نے اجلاس کو بتایا کہ آئی سی ٹی کے 25 موضع کی ڈیجیٹائزیشن مکمل ہو چکی ہے۔ یہ موضع عوام کی سہولت کے لیے اس ماہ کے آخر تک آن لائن دستیاب کرائے جائیں گے۔ مزید برآں اس مقصد کے لیے بہارہ کہو اور ترلائی میں دو سروس سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ای اسٹامپ پیپرز کے اجراء کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، جلد ہی ای اسٹامپ پیپرز کا اجراء شروع کردیا جائے گا۔ ای سٹیمپ پیپرز متعارف ہونے کے بعد اسلام آباد میں بھی ای رجسٹری کا عمل شروع ہو جائے گا۔ سی ڈی اے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سافٹ ویئر کی ٹیسٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور ہاؤس کیپنگ کے مرحلے کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بتایا گیا کہ کوالٹی ایشورنس کی جا رہی ہے جس کے بعد یہ سسٹم جلد ہی عوام کے استعمال کے لیے دستیاب ہو گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس منصوبے کے تحت سی ڈی اے کی اراضی اور جائیداد کی 130,000 فائلوں کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن اور وزیر داخلہ کی ہدایات کے مطابق یہ اسلام آباد کو سمارٹ سٹی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کے لیے ایک ایپ کے ذریعے ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن اور پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔






