میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے عوامی مفاد اور صحت عامہ کے تحفظ کے پیش نظر عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 3685/ایڈمن/MCQ/2025 کے مطابق، کوئٹہ شہر میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت صرف ایک مخصوص مقام، یعنی میونسپل بکرا پیڑی (ایسٹرن بائی پاس) پر ہی کی جائے گی۔ اس مقام پر تمام جانوروں کا معائنہ ویٹرنری ڈاکر کرے گا اور صرف فٹنس ٹیسٹ کے بعد ہی جانوروں کو مارکیٹ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔یہ اقدام کانگو وائرس جیسے خطرناک مرض سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، کیونکہ عید کے موقع پر جانوروں کی بڑی تعداد میں آمد سے وائرس کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
ایم سی کیو کے ویٹرنری اور ہیلتھ برانچ سمیت دیگر متعلقہ عملہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ جبکہ میونسپل حدود کوئٹہ میں کسی اور مقام پر جانوروں کی فروخت ہرگز اجازت کے بغیر نہیں کی جا سکے گی، اور اس مقصد کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے دفتر سے باقاعدہ اجازت نامہ (NOC) حاصل کرنا لازم ہوگا۔یہ فیصلہ شہریوں کی صحت اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، اور شہریوں سے گزارش ہے کہ تعاون کرتے ہوئے صرف مخصوص مقام پر جانوروں کی خرید و فروخت کو یقینی بنائیں۔






