وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پشاور ریجن کے پارلیمنٹیرینز کا اجلاس منعقد ہوا۔پشاور ریجن سے منتخب اراکین سینیٹ ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شریک ہوئے۔ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر پشاور میں نئے جنرل ہسپتال کے قیام کو آئندہ اے ڈی پی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے پشاور رنگ روڈ پر عوامی ٹرانسپورٹ کے لیے مخصوص الیکٹرک بس منصوبہ آئندہ اے ڈی پی میں شامل کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعلی نے پشاور کے لیے دوسرے رنگ روڈ کی فزیبلٹی اسٹڈی آئندہ اے ڈی پی میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پارلیمنٹرینز کو 15 مارچ تک ترقیاتی اسکیموں کی نشاندھی کر کے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ عوامی ضرورت اور افادیت کو مدنظر رکھ کر منصوبے تجویز کیے جائیں۔ اے ڈی پی 2026-27 کو صوبے کی مجموعی ترقیاتی تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی ترجیح ہوگی۔عوامی فلاح کو مرکز بنا کر نیا ترقیاتی پروگرام حقیقت پسندانہ اور وسیع عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔






