کراچی(بلدیات ٹائمز)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی جدید خطوط پر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلے میں نوجوانوں کی آراء اور تجاویز کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے، تعلیمی اداروں اور بلدیاتی اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو عملی میدان میں بہتر رہنمائی فراہم کی جا سکے، نوجوان طلبہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی مناسب رہنمائی ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے، یہ بات ڈپٹی میئر کراچی نے میلینیئم انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی انٹرپرینورشپ (MITE) کے طلبا و طالبات کے وفد سے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطالعاتی دورہ کرنے کے بعد ملاقات کے موقع پر کہی،
سٹی کونسل کے ایم سی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر جمن دروان، سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے ڈائریکٹر محمد شاہد، لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے ادارہ سم کے ٹرینر محمد مختار زماں، ایس ایم جعفری ایڈوکیٹ، میلینیئم انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی انٹرپرینورشپ (MITE) کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فریال اور دیگر افسران بھی موجود تھے، اس موقع پر طلبا و طالبات کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ارتقاء سے موجودہ میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کی تمام کاوشوں سے روشناس کروایا گیا جو وہ کراچی کی ترقی کے لئے کررہے ہیں، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ شہری معاملات میں نوجوانوں کی شمولیت سے نہ صرف مؤثر فیصلے ممکن ہوتے ہیں بلکہ ان کی جدید سوچ اور تخلیقی صلاحیتیں کراچی کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر سکتی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ نوجوانوں کو ترقی اور خوشحالی کے عمل میں صفِ اول کا حصہ سمجھتی آئی ہے، اسی لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی تعلیمی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے تاکہ طلبہ شہری نظام کو قریب سے سمجھ سکیں،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے اس موقع پر طلبہ کے سوالات کے تفصیل سے جوابات دیتے ہوئے انہیں شہری منصوبہ بندی، بلدیاتی خدمات اور انتظامی ڈھانچے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفاتر اور نظامِ بلدیات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے طلبہ کے مطالعاتی دورے نہایت اہم ہیں اور انہیں تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایسے دورے نوجوانوں کے لیے سیکھنے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں جس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے اور وہ مستقبل میں بہتر کردار ادا کرنے کے قابل بنتے ہیں، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی نے یونیورسٹی اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی دلچسپی اور مثبت رویے کو سراہا۔






