بلدیہ عظمیٰ کراچی کی قدیم مارکیٹس میں جاری بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی قدیم مارکیٹس میں جاری بحالی کے کاموں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام منصوبے 30 جون تک ہر صورت مکمل کیے جائیں، دورے کے دوران انہوں نے سول لائن مارکیٹ، لی مارکیٹ اور مچھی میانی مارکیٹ میں جاری ترقیاتی و بحالی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر کے ایم سی سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، انجینئرز، متعلقہ کے ایم سی افسران اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان پیپلز پارٹی کی بلدیاتی حکومت شہر کے انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ تاریخی ورثے کی بحالی پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ان قدیم مارکیٹس کو نہ صرف ان کی اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں جدید سہولیات سے آراستہ کر کے اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر تجارتی ماحول میسر آ سکے، انہوں نے کہا کہ ہم شہر کی خدمت کے لیے گھروں سے نکلتے ہیں جبکہ منافقین کام میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے نکلتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر ماضی میں بلدیہ عظمیٰ کے تاریخی ورثے کا خیال رکھا جاتا تو آج یہ عمارتیں اس قدر خستہ حال نہ ہوتیں، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے جاری ترقیاتی منصوبے اب واضح طور پر عوام کو نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور بہت جلد یہ منصوبے مکمل ہو کر شہریوں کے سامنے ہوں گے جس سے شہر کی تاریخی اور تجارتی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا،انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بحالی کے کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ مقررہ وقت میں منصوبے مکمل ہو سکیں، ان کا کہنا تھا کہ ان مارکیٹس کی بحالی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحتی دلچسپی بھی بڑھے گی،میئر کراچی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر کے دیگر تاریخی مقامات اور عمارتوں کی بحالی کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ کراچی کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جا سکے اور آنے والی نسلوں کے لیے اسے برقرار رکھا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button