ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے داتا دربار، بھاٹی چوک انڈر پاس اور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیااورترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔داتا دربار توسیعی منصوبے کے دورے کے دوران سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ داتا دربار توسیعی منصوبے کے تمام پہلووں پر بیک وقت کام جاری ہے۔
سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ نے پارکنگ ایریا، پیڈسٹرین انڈر پاس اور پیازہ کے فنشنگ ورک کا بھی جائزہ لیا۔ڈی جی ایل ڈی اے نے ترقیاتی کاموں کے بارے میں پیش رفت بارے بریفنگ دی اوربتایا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے داتا دربار اور منسلک علاقوں کے رہائشیوں اور زائرین کو بڑی سہولت ملے گی۔ داتا دربار توسیعی منصوبے کا مجموعی طور پر73 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ بھاٹی چوک انڈر پاس کی تعمیر سے یومیہ لاکھوں گاڑیاں مستفید ہوں گی۔ بھاٹی چوک انڈر پاس پر کام دن رات بلا تعطل جاری ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے انڈر پاس پر ترقیاتی کاموں کی دونوں شفٹوں کی پراگریس رپورٹ باقاعدگی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارکنگ ایریا کی فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیااور ریلوے وال، ایک موریہ، دو موریہ پل پر جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کابھی معائنہ کیا۔ڈی جی ایل ڈی اے نے فنشنگ کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ریلوے اسٹیشن تا سرکلر روڈ املاک کے فساڈ پر جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔






