ایل ڈی اےکی گورننگ باڈی کا ساتواں اجلاس وائس چیئرمین میاں مرغوب احمد کی زیرصدارت منعقد ہواجس میں وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں مجموعی طور پر 8 مختلف ایجنڈے منظوری کے لیے پیش کیے گئے جن کے متعلق ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران ایل ڈی اے سٹی میں اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مصدقہ جنرل پاور آف اٹارنی (جی پی اے) کے ذریعے پلاٹوں کی منتقلی (ٹرانسفر) کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔
اس کے علاوہ ایل ڈی اے سٹی میں ایگزیمپشن فیس پر نظرثانی (ریویژن) اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز بھی منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی نے پائن ایکسز اور پائن ایگزیکٹو بلاکس میں جاری آن سائٹ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر آکشن نے سیلز اینڈ الاٹمنٹ سے متعلقہ ایجنڈے پیش کیے۔گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے ایونیو ون کے تین زیر التوا کیسز پر مذاکراتی کمیٹی کی سفارشات کی توثیق کر دی، تاہم ایونیو ون کی ایسٹرن سائیڈ پر سکیم سے متعلقہ اراضی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا ایجنڈا موخر کرتے ہوئے اس معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔اجلاس میں شوق چوک سے ڈاکٹر ہسپتال جوہر ٹاؤن تک سٹرکچر پلان روڈ کی تعمیر میں پی ٹی سی ایل کی اراضی کے حصول(لینڈ ایکوزیشن)کاایجنڈا بھی مزید ورکنگ کے لیے موخر کر کے کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا، جبکہ ایل ڈی اے بونا فائیڈ کمیشن کی کٹ آف ڈیٹ کے تعین کے لیے بھی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔اجلاس میں لاہور ریلوے اسٹیشن تا آزادی چوک اربن ریجنریشن منصوبے کے تحت ری ماڈلنگ کے پی سی ون کی ریویژن اور مصطفیٰ ٹاؤن سکیم میں عدالت میں زیر التوا کیس سے متعلق ایجنڈے بھی پیش کیے گئے۔ مزید برآں ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں سرکاری فنڈز سے فساڈ اپ گریڈیشن اور عوامی مقامات پر ترقیاتی کاموں کے بعد بلا اجازت عمارتوں کے فساڈ تبدیل کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کی تجویز بھی زیر غور آئی۔اجلاس میں ممبر ٹیکنیکل اکبر شیخ، ایڈیشنل ڈی جی یو پی، ایڈیشنل ڈی جی ہیڈ کوارٹر، چیف انجینئر ون ایل ڈی اے، چیف ٹاؤن پلانر ٹو، چیف میٹروپولیٹن پلانر،میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ایم سی ایل ڈاکٹر رائے امتیاز حسن، ڈائریکٹر فنانس، آکشن، ایل ڈی اے سٹی، ایل ڈی اے ایونیو ون، ٹیپا اور ہاؤسنگ کے ڈائریکٹرز سمیت محکمہ فنانس، ہاؤسنگ، لوکل گورنمنٹ، واسا، پی اینڈ ڈی اور کمشنر آفس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ایل ڈی اے کی طرف سے گذشتہ کئی دنوں سے ماسٹر پلان لاہور ڈویژن 2050 کو ختمی شکل دی جا رہی تھی۔امکان تھا کہ ایک ہی ایجنڈے پر گورننگ باڈی کا اجلاس ہوگا جس میں ماسٹر پلان کی منظوری دی جائے گی۔تاہم آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں ماسٹر پلان شامل نہ تھا۔






