معاشی خودمختاری محض آمدن حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ خواتین کو فیصلہ سازی، خود اعتمادی، سماجی وقار اور معاشرتی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ پاکستان جیسے معاشرے میں جہاں مہنگائی، بے روزگاری اور گھریلو اخراجات میں مسلسل اضافہ متوسط اور کم آمدن والے خاندانوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے، وہاں خواتین کو کاروباری تربیت، مالیاتی آگاہی اور منڈی تک رسائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ گوجرانوالہ میں کیئر انٹرنیشنل کے اسٹرائیو ویمن کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے تحت منعقدہ تین روزہ بزنس مینجمنٹ اسکلز ورکشاپ اسی ضرورت کی ایک قابلِ تحسین عملی کوشش ہے۔18 سے 20 نومبر 2026 تک لارڈز ہوٹل گوجرانوالہ میں منعقد ہونے والی اس تربیتی سرگرمی کی اہمیت صرف اس بات میں نہیں کہ 40 خواتین نے تین روز تک کاروباری تربیت حاصل کی بلکہ اس کا اصل امتیاز یہ ہے کہ تربیت کو عملی کاروباری مواقع اور ادارہ جاتی معاونت سے جوڑنے کی کوشش بھی کی گئی۔ عام طور پر خواتین کو ہنر سکھانے کے پروگرام تو منعقد کیے جاتے ہیں، لیکن تربیت کے بعد انہیں کاروبار شروع کرنے، مصنوعات فروخت کرنے، تشہیر کرنے اور مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کے مواقع میسر نہیں آتے۔ یہی وہ خلا ہے جسے پُر کرنے کی ضرورت ہے۔اس پروگرام کے پہلے روز اسلام آباد سے آنے والے کیئر انٹرنیشنل کے نمائندگان خرم اور سجاد نے ادارے کے مقاصد اور خواتین کی کاروباری ترقی کے لیے جاری اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ تین روزہ تربیتی نشستوں میں ٹرینرز مس امائمہ ایڈووکیٹ اور محمد اسرائیل ایڈووکیٹ نے کاروباری حکمت عملی، مارکیٹنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، مالیاتی انتظام اور کاروباری منصوبہ بندی جیسے موضوعات پر عملی تربیت فراہم کی۔ یہ موضوعات اس لیے اہم ہیں کہ آج کے کاروباری ماحول میں صرف اچھی مصنوعات تیار کرنا کافی نہیں، بلکہ قیمت کا تعین، اخراجات کا حساب، صارفین کی ضروریات، تشہیر اور منافع کی منصوبہ بندی بھی کامیاب کاروبار کے بنیادی تقاضے ہیں۔
ورکشاپ کا ایک قابلِ ذکر پہلو یہ تھا کہ شرکاء کو محض لیکچر سننے تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ عملی مشقوں اور انٹرایکٹو سرگرمیوں کے ذریعے کاروباری معاملات سمجھنے کا موقع دیا گیا۔ منی مارکیٹ کے انعقاد میں خواتین نے اپنی مصنوعات کے اسٹالز لگائے، مصنوعات فروخت کیں اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے وابستہ شرکاء نے براہِ راست آرڈرز بھی حاصل کیے۔ اس سرگرمی نے ثابت کیا کہ مناسب رہنمائی، اعتماد اور مارکیٹ سے رابطہ میسر ہو تو خواتین اپنے گھروں میں تیار کردہ مصنوعات کو باقاعدہ کاروباری سرگرمی میں تبدیل کر سکتی ہیں۔تربیت کے دوسرے روز شیراز منیر نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رکنیت کے طریقہ کار اور اس کے کاروباری فوائد سے آگاہ کیا۔ یہ رابطہ اس لیے اہم ہے کہ چھوٹے کاروبار کرنے والی خواتین کو اکثر کاروباری نیٹ ورک، ادارہ جاتی شناخت، خریداروں اور تجارتی حلقوں تک رسائی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ چیمبر کی رکنیت ان کے لیے کاروباری روابط بڑھانے اور اپنی مصنوعات کو وسیع منڈی تک پہنچانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔اس پروگرام کو عالمی سطح پر خواتین کی مالیاتی خودمختاری کے لیے جاری اسٹرائیو ویمن منصوبے کے تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے۔ کیئر انٹرنیشنل کے مطابق یہ 2023 سے 2027 تک پاکستان، پیرو اور ویتنام میں جاری چار سالہ پروگرام ہے، جسے ماسٹر کارڈ سینٹر فار انکلوسیو گروتھ کی معاونت حاصل ہے۔ اس کا مقصد خواتین کے زیرانتظام چھوٹے کاروباروں کی مالی استعداد، ڈیجیٹل مہارتوں، کاروباری ترقی اور معاشی استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔اختتامی تقریب میں صدر گوجرانوالہ چیمبر غلام حسین جج، فوکل پرسن برائے ویمن انٹرپرینیورز ڈاکٹر نورین شکیل، مرزا اشتیاق احمد اور ڈاکٹر محمد حلیم خان کی شرکت نے اس سرگرمی کو کاروباری برادری اور خواتین کے درمیان تعاون کا عملی موقع فراہم کیا۔ صدر چیمبر نے تربیت مکمل کرنے والی 40 خواتین کو بلا معاوضہ چیمبر کی رکنیت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کاروباری تشہیر اور خاندانی تقریبات کے لیے اپنی ذاتی دو مارکیز مفت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ مزید برآں چیمبر کے ہالز، آڈیٹوریم اور دیگر سہولیات سے استفادے کی دعوت دی۔ پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، نادرا اور ای بز کے سہولت مراکز سے خواتین اور ان کے اہل خانہ بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔یہ اعلانات بلاشبہ حوصلہ افزا ہیں، تاہم ان کی اصل کامیابی مستقل عمل درآمد سے مشروط ہے۔ خصوصاً مفت رکنیت کے ساتھ خواتین کو کاروباری رہنمائی، تجارتی نمائشوں میں شرکت، خریداروں سے رابطوں اور آن لائن فروخت کے مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہئیں۔ فی ممبرشپ آٹھ ہزار روپے کے حساب سے 40 خواتین کی فیس 3 لاکھ 20 ہزار روپے بنتی ہے، اس لیے مجموعی مالی رعایت کی حتمی مالیت بھی واضح ہونی چاہیئے۔پاکستان میں خواتین کے کاروبار کو درپیش مسائل میں سرمایہ کی کمی، قرضوں تک محدود رسائی، خاندانی ذمہ داریاں، ڈیجیٹل سہولیات سے ناواقفیت اور کاروباری فیصلوں میں محدود اختیار نمایاں ہیں۔ اس لیے صرف تین روزہ تربیت ان تمام مشکلات کا حل نہیں، بلکہ اس کے بعد مسلسل رہنمائی، سرپرستی، آسان مالی سہولیات اور کاروباری روابط کا نظام قائم کرنا ضروری ہے۔تقریب کے اختتام پر سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور شرکاء کے ساتھ یادگاری تصویر بنائی گئی۔ اس ورکشاپ کا حقیقی ثمر اس وقت سامنے آئے گا جب ان 40 خواتین میں سے ہر ایک اپنے کاروبار کو مستحکم کرنے، آمدن بڑھانے اور دوسروں کے لیے روزگار پیدا کرنے کے قابل ہو سکے گی۔ گوجرانوالہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے؛ یہاں خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو مناسب مواقع ملیں تو وہ نہ صرف اپنے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ شہر کی مجموعی معیشت میں بھی نمایاں حصہ ڈال سکتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ تین روزہ سرگرمی ایک مستقل معاشی تحریک کا نقطۂ آغاز بنے، جہاں خواتین کو محض تربیت یافتہ شرکاء نہیں بلکہ کامیاب کاروباری شخصیات کے طور پر آگے بڑھنے کا موقع ملے۔
