میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (SIEHS-1122) کے نئے ایمرجنسی آپریشنل بیس کا افتتاح کردیا۔ یہ منصوبہ حکومتِ سندھ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور SIEHS-1122 کے باہمی تعاون سے مکمل کیا گیا۔ تقریب میں برگیڈیئر (ر)طارق قادر لکھیار، چیف ایگزیکٹو آفیسر SIEHS-1122، مقامی منتخب نمائندوں، معززینِ علاقہ، سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ SIEHS-1122 کا یہ آپریشنل بیس پہلے کٹی پہاڑی میں قائم تھا جسے اب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ نئی جگہ بنارس کے قریب منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس نئی جگہ کے انتخاب کا مقصد اورنگی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز کی رفتار اور رسائی کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ ایمبولینسز ٹریفک اور رش والے علاقوں میں بھی کم سے کم وقت میں مریضوں تک پہنچ سکیں۔یہ منصوبہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ جس عمارت میں نیا آپریشنل بیس قائم کیا گیا ہے، وہ کئی برسوں سے غیر فعال تھی۔ SIEHS-1122 نے اس جگہ کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے مکمل فعال ایمرجنسی مرکز میں تبدیل کیا ہے، جہاں ISO9001:2015کے عالمی معیار کے مطابق چوبیس گھنٹے مفت پری ہاسپٹل ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ غیر فعال سرکاری اثاثوں کو عوامی خدمت کے مراکز میں تبدیل کرنا حکومتِ سندھ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں مؤثر اور بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی انتہائی ضروری ہے اور SIEHS-1122 کے ساتھ مل کر شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور SIEHS-1122 کے باہمی تعاون سے یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کراچی کے ہر شہری کو بروقت، معیاری اور باوقار ایمرجنسی طبی سہولت میسر آئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برگیڈیئر (ر) طارق قادر لکھیار، چیف ایگزیکٹو آفیسر SIEHS-1122 نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک اسٹیشن کی منتقلی نہیں بلکہ عوام کو ان کی دہلیز کے قریب بہتر ایمرجنسی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک غیر استعمال شدہ سرکاری جگہ کو جدید ایمرجنسی آپریشنل بیس میں تبدیل کرنا اس بات کی علامت ہے کہ عوامی وسائل کو مؤثر انداز میں عوام کی خدمت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نئی جگہ کی بدولت SIEHS-1122 کی ٹیمیں اورنگی ٹاؤن اور کراچی ویسٹ کے مختلف علاقوں میں پہلے سے زیادہ تیزی، مؤثر انداز اور بہتر ہم آہنگی کے ساتھ خدمات انجام دے سکیں گی۔ انہوں نے حکومتِ سندھ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ منصوبہ ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور SIEHS-1122 کے درمیان یہ اشتراک کراچی میں ایمرجنسی سروسز کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جبکہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح کے مزید منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔واضح رہے کہ SIEHS-1122 اس وقت سندھ کے تمام 30 اضلاع میں 627 سے زائد ایمرجنسی گاڑیوں کے ذریعے چوبیس گھنٹے مفت پری ہاسپٹل ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کر رہا ہے اور صوبے بھر میں ایمرجنسی رسپانس کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔آخر میں ادارے نے کراچی کے مخیر حضرات، صنعت کاروں، کاروباری برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ مفت ایمرجنسی ایمبولینس سروسز کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔





