وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت انٹرنیٹ رابطہ کاری (کنیکٹیویٹی) کے مسائل اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق اہم اجلاس

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت جمعرات کے روز گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ رابطہ کاری (کنیکٹیویٹی) کے مسائل اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے وزیراعلیٰ کو گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی بہتری کے لیے جاری اور مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو معیاری، مستحکم اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان, امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک اہم سیاحتی خطہ ہے جہاں تیز رفتار اور مستحکم انٹرنیٹ کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ڈیجیٹل رابطہ کاری نہ صرف سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ حکومتی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن، ای گورننس، کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے خطے کی معیشت کو بھی مضبوط بنائے گی، جس سے حکومتی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا۔وزیراعلیٰ نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ گلگت بلتستان کو درپیش بجلی کی قلت انٹرنیٹ سروسز کے تسلسل پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ انہوں نے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ بجلی کی بندش کے دوران خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر بیک اپ پاور سسٹمز کا انتظام کریں تاکہ صارفین کو بلا تعطل انٹرنیٹ سہولیات میسر رہیں۔چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ سے متعلق موجودہ مسائل کے پائیدار حل کے لیے جلد ہی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت سے عملی اور مؤثر اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ سیاحت، تعلیم، صحت، تجارت، عوامی خدمات اور مجموعی سماجی و معاشی ترقی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button