ترجمان میئر کراچی و کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ کورنگی لانڈھی فلائی اوور کی تکمیل اور افتتاح کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بہتری اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سندھ حکومت اور بلدیاتی قیادت کی ترجیح کراچی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور شہریوں کو عملی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ کورنگی نمبر 5 کے 12 ہزار روڈ پر تعمیر کیا جانے والا کورنگی لانڈھی فلائی اوور ایک اہم ٹریفک منصوبہ ہے، جس کی بدولت کورنگی، لانڈھی اور اطراف کے صنعتی علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل محض ایک فلائی اوور کی تعمیر نہیں بلکہ ایسے علاقے میں شہری نقل و حرکت کو آسان بنانے کی کوشش ہے جہاں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے باعث روزانہ ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ رہتا ہے۔ترجمان میئر کراچی نے بتایا کہ کورنگی لانڈھی فلائی اوور مجموعی طور پر 515 میٹر طویل ہے اور اس منصوبے پر تقریباً 74 کروڑ 66 لاکھ 28 ہزار روپے خرچ ہوئے ہیں۔ منصوبے کے تحت مرکزی پل کی لمبائی 240 میٹر جبکہ چوڑائی 7.5 میٹر ہے۔ اسی طرح فلائی اوور کا اپ ریمپ 156 میٹر اور ڈاؤن ریمپ 119 میٹر طویل ہے۔پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی کے مطابق منصوبے کا تعمیراتی کام مکمل طور پر پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے اور اس کا فزیکل ورک 100 فیصد مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ منصوبے کی مالی پیش رفت 97.24 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت ملنے کے ساتھ ساتھ کورنگی اور لانڈھی کے صنعتی علاقوں تک رسائی بھی مزید بہتر ہوگی۔پارلیمانی لیڈر کے ایم سی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے صنعتی و معاشی مرکز کے لیے ضروری ہے کہ سڑکوں، پلوں، فلائی اوورز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو مسلسل بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کے ساتھ ساتھ صنعت اور تجارت کو بھی سہولت حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ کورنگی اور لانڈھی کے صنعتی علاقوں کی ترقی کو بھی خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔
دونوں صنعتی علاقوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مجموعی طور پر 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس میں کورنگی صنعتی علاقے کے لیے 2 ارب روپے اور لانڈھی صنعتی علاقے کے لیے بھی 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد صنعتی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانا، کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا اور روزگار کے نئے مواقع کی راہ ہموار کرنا ہے۔کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ صرف ایک منصوبے یا ایک علاقے تک محدود نہیں۔ کورنگی میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ مختلف اہم منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن میں کورنگی کازوے، تاج حیدر فلائی اوور، کورنگی ڈھائی نمبر برج اور عظیم پورہ فلائی اوور سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں۔ اب کورنگی لانڈھی فلائی اوور کی تکمیل بھی اسی ترقیاتی تسلسل کا حصہ ہے۔ترجمان میئر کراچی نے مزید کہا کہ شاہراہ بھٹو جیسے بڑے منصوبے کا آغاز بھی کورنگی سے ہونا اس بات کی علامت ہے کہ کراچی کے اس اہم صنعتی و آبادی والے خطے کو ترقیاتی ترجیحات میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ ان منصوبوں سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطہ مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے سندھ حکومت کا ترقیاتی وژن صرف نئی سڑکیں اور پل تعمیر کرنے تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد شہری زندگی کو آسان بنانا، سفر کے وقت میں کمی لانا، ٹریفک کے مسائل کم کرنا، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو سہارا دینا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ کورنگی اور لانڈھی کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر ہونے سے شہریوں، صنعت کاروں، مزدوروں اور کاروباری طبقے کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ صنعتی علاقوں میں آمدورفت آسان ہونے سے مال برداری اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی بہتر ماحول پیدا ہوگا، جس کے مثبت اثرات مجموعی طور پر کراچی کی معیشت پر مرتب ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری اب ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات سننے کے بجائے ان کے عملی نتائج اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ سندھ حکومت، میئر کراچی اور بلدیاتی ادارے شہر کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل کو ترقیاتی منصوبوں میں بروئے کار لا رہے ہیں۔





