ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل کینٹ کا دورہ کیا اور صفائی اور سیوریج آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے برکی روڈ، انفینٹری روڈ اور میاں میر پارک کا معائنہ کیا جبکہ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر کینٹ بھی موجود تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر کینٹ فاطمہ ارشد نے ڈپٹی کمشنر کو علاقے کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے کلین لاہور مشن کو کامیاب بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں گھر گھر کچرا اکٹھا کرنے کی مہم کو روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لیے انسداد تجاوزات مہم کو تیز کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے کو ضلع بھر میں صفائی یقینی بنانے کی ہدایات دیں اور رہائشی علاقوں سے مویشیوں اور جھگیوں کو منتقل کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (واسا) کو سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت دی اور تمام انتظامی امور کو احسن انداز میں مکمل کرنے پر زور دیا۔






