کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام کمرشل پلاٹس کا سہ روزہ نیلام عام اختتام پذیر ہوگیا. سہ روزہ کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں مختلف کٹیگریز کے 13 پلاٹس 16.641 ارب روپے میں نیلام کئے گئے.تفصیلات کے مطابق نیلامی کے آخری روز 7 پلاٹ 4.206 ارب روپے میں نیلام کئے گئے.چیئرمین سی ڈی اے نے گندھارا سیٹیزن کلب کا دورہ کیا اور سرمایہ کاروں سے خطاب کیا۔ انہوں نےنیلامی میں حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کیا. انہوں نے کہا کہ نیلامی میں کثیر تعداد میں سرمایہ کاروں کی شرکت سی ڈی اے پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے. انہوں نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم تمام شہریوں بشمول سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کی جائیگی.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے میں سرمایہ کاری کرنے کی خوبصورتی یہ ہے کہ آپکا پیسہ آپ پر ہی خرچ ہوتا ہے. انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار اس شہر کو خوبصورت اور جدید بنانے کے لئے اپنی تجاویز سی ڈی اے کو دیں. انہوں نے مزید کہا کہ نیلامی میں حصہ لینے والے سرمایہ کار اور سی ڈی اے شہر کی تعمیر و ترقی میں پارٹنر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں.
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ای گورننس ماڈلز کو اپناتے ہوئے تمام اہداف کو کامیابی سے حاصل کیا جارہا ہے اور سرمایہ کاروں کے تمام جائز مسائل کو حل کیا جائیگا. انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی تجاویز کی روشنی میں ادارے میں بہتری لائیں گے.نیلامی کی نگرانی سی ڈی اے ممبر فنانس طاہر نعیم کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی نے کی جس کی سیکرٹری تابندہ طارق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو تھیں۔نیلامی کے تمام انتظامات اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو ڈائریکٹوریٹ نے کئے. کمیٹی نے نیلام عام کو شفاف اور مقابلے کی فضاء بنانے کے لئے مؤثر انتظامات کئے.کامیاب اور شفاف آکشن کے انعقاد پر چئیرمین سی ڈی نے آکشن کمیٹی کو شاباش دی.

کمرشل پلاٹوں کی تین روزہ نیلامی میں اسلام آباد کے ڈویلپڈ سیکٹرز سمیت کمرشل مراکز میں مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹ سرمایہ کاری کے لیے پیش کئے گئے . نیلامی میں بلیو ایریا سمیت مختلف مراکز، ہوٹلز، اپارٹمنٹس سمیت کلاس تھری شاپنگ سینٹر کے پلاٹ بھی نیلامی کے لئے پیش کئے گئے.موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے.






