اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت گندھارا سٹیزن کلب اور ایف نائن پارک کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں معروف آرکیٹیکٹ نئیر علی دادا، سی ڈی اے بورڈ ممبران سمیت دیگر متعلقہ سنئیر افسران نے شرکت کی.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ گندھارا سٹیزن کلب کے تزئین و آرائش اور تعمیر و مرمت کے کام کو مکمل کرکے اس کو جلد فعال بنایا جائے اور گندھارا سٹیزن کلب کے تمام حصوں کا بہترین استعمال میں لایا جائے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ایف نائن پارک میں کرکٹ گراؤنڈ کی اپلفٹ اور لینڈ سکیپنگ کے کام کا جلد آغاز کردیا جائے گا اور آنے والے پی ایس ایل سے قبل ہی ایف نائن پارک میں کرکٹ گراؤنڈ کو کھلاڑیوں کی پریکٹس کیلئے تیار کیا جائے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ایف نائن پارک کو خوبصورت اور جدید سہولیات سے مزین کیا جائے اور ایف نائن پارک میں مختص جگہ پر تھیم پارک کے حوالے سے ورکنگ کی جائے. انہوں نے ہدایت کی کہ ایف نائن پارک کی خوبصورتی اور بحالی کیلئے پرائیویٹ اور کارپوریٹ سیکٹر کو بھی سوشل ذمہ داری کے تحت شامل کیا جائے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ گندھارا سٹیزن کلب اور پارک کی دیگر سہولیات سے حاصل ہونے والی آمدنی پارک کی بحالی اور خوبصورتی پر خرچ کی جائے گی. انہوں نے کہا کہ ایف نائن پارک کے جاگنگ ٹریکس اور متعلقہ سہولیات کی بحالی کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے.چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایف نائن پارک میں ایمفٹی تھیٹر، مرکزی اسکوائر اور فواروں کو بھی فعال بنایا جائے. اسی طرح ایف نائن پارک میں پبلک لائبریری اور مختلف مقامات پر کہانی اور شاعری سنانے کا آغاز بھی کیا جائے. انہوں نے ہدایت کی کہ ایف نائن پارک میں عوام الناس کی تفریحی کے اوقات اور سیکورٹی میں بھی اضافہ کیا جائے.