زرعی اراضی کے کمرشل استعمال کی موثر مانیٹرنگ ضروری ہے، وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیراعلی مریم نواز شریف کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ کمیٹی کے شریک کنوینر، وزیر زراعت سید عاشق کرمانی، ایڈووکیٹ جنرل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری لا اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران زرعی اراضی کا غیرضروری کمرشل استعمال ریگولیٹ کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ زراعت پنجاب کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ زرعی اراضی کے پلاننگ کے بغیر کمرشل استعمال کی موثر مانیٹرنگ ضروری ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اراضی کے دانشمندانہ استعمال کا مربوط طریقہ کار چاہتی ہیں۔ اس حوالے سے ضروری ہوا تو نئی قانون سازی بھی کی جا سکتی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ بزنس سے بڑی تعداد میں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ نئی قانون سازی کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ اراضی کے زرعی اور کمرشل استعمال میں توازن لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کا ٹھوس میکانزم ہونا چاہیئے۔ اجلاس کے دوران ایڈووکیٹ جنرل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری لا نے کمیٹی کو مختلف قانونی پہلوئوں پر بریفنگ دی۔ دو ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ بڑھتی رہائشی ضرورت پوری کرنے کیلئے دستیاب اراضی کے اکانومی استعمال کو یقینی بنانا اور بلند عمارتوں کے کلچر کی طرف جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو قانون کے دائرے میں لانا ضروری ہے تاکہ عوام کے رئیل اسٹیٹ بزنس پر اعتماد میں اضافہ ہوسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button