میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر سخت ردعمل

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے سندھ سے متعلق مبینہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بھارت کی سفارتی ناکامیوں اور تاریخی جہالت قرار دیا ہے، اپنے بیان میں میئر کراچی نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع مکمل طور پر حواس باختہ ہوچکے ہیں اور ان کے الزامات خطے میں جاری بھارتی بوکھلاہٹ کی واضح علامت ہیں،انہوں نے کہا کہ سندھ کے خلاف بیانات دراصل پاکستان کی حالیہ سفارتی برتری کا اعتراف ہیں، کیونکہ سندھ کی تہذیب ہزاروں سال پرانی ہے اور موہنجوڈارو سمیت انڈس ویلی کی تاریخ اس کی صدیوں پرانی سا لمیت کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کا سندھ کی تاریخ کو مسخ کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ برصغیر میں اسلام کا پہلا دروازہ سندھ تھا جبکہ انگریز دور میں سندھ کو زبردستی بمبئی کے ماتحت کیا گیا، تاہم سندھ نے مسلسل جدوجہد کے بعد 1936 میں بمبئی پریزیڈنسی سے آزادی حاصل کی، اسی طرح قراردادِ پاکستان کی پہلی منظوری بھی سندھ اسمبلی نے دی جو اس خطے کی نظریاتی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے،انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت تاریخ کو توڑ مروڑ کر خطے میں تناؤ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے تاہم سندھ کی تاریخی شناخت عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور بھارتی پروپیگنڈا ہمیشہ کی طرح ناکام رہے گا، میئر کراچی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہر دور میں بیرونی تسلط کو رد کیا ہے، اس لیے بھارت کے دعوے بے معنی اور عالمی ریکارڈ کے سراسر خلاف ہیں،میئر کراچی نے واضح کیا کہ پاکستان مخالف بیانیہ اور پراپیگنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ سندھ کی وفاداری اور پاکستان سے نظریاتی وابستگی تاریخ سے ثابت ہے۔

جواب دیں

Back to top button