پنجاب میں پہلی مرتبہ جانوروں کی آلائشوں سے بائیوگیس بنانے کا کامیاب تجربہ،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ستھرا پنجاب پروگرام سے ”ویسٹ ٹو ویلیو“ پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ جانوروں کی آلائشوں سے بائیوگیس بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ لکھو ڈیر کے علاقے میں بائیوڈی گریڈ ایبل آلائشوں کو استعمال کر کے بائیوگیس پیدا کی گئی۔ ایک ہزار میٹرک ٹن آلائشوں سے تقریبا 20سے 25ہزار کلو گیس پیدا کی جاسکتی ہے۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے بائیو گیس پروڈکشن سے 60 سے 70لاکھ روپے کا ریونیواکٹھا کیا جا سکتا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ محض چند لاکھ کی لاگت سے لاہورمیں آلائشوں کے ذریعے بائیو گیس پیدا کرنے کاپائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ 50میگاواٹ ویسٹ انرجی پلانٹ سے روزانہ تین ہزار ٹن کچرا بجلی میں تبدیل ہوسکے گا۔ 10سال میں لینڈ فل سائٹ سے حاصل ہونے والی گیس سے 2.5ملین ڈالر آمد ن ہوگی۔ اجلاس میں پنجاب میں ری سائیکلنگ پارک کے ماڈل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ماڈل ری سائیکلنگ پارک سے سالانہ 190 ملین روپے آمدن کی جا سکے گی۔ لکھو ڈیرڈسپوزل سائٹ کی بحالی سے سالانہ 2.75لاکھ ٹن کاربن کریڈٹ اور4.2ملین ڈالرآمدن کی توقع ہے۔ میونسپل سالڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ کے ذریعے لینڈ فلز سے کچرے میں 60فیصد کمی ہوگی۔ ویسٹ ٹو ویلیو انکوبیشن سینٹر، سٹارٹ اپ کیلئے ٹیکنیکل سپورٹ، سیڈفنڈنگ،ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے مواقع فراہم کرے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ویسٹ ٹو ویلیوپراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے آلائشوں سے بائیوگیس پروڈکشن پراجیکٹ کو سراہا۔

جواب دیں

Back to top button