کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر کے زیر اہتمام اور محتسب سیکریٹریٹ خیبر پختونخوا کے باہمی اشتراک سے قومی یومِ خواتین کے موقع پر آج کمشنر آفس پشاور ڈویژن (12 دی مال، پشاور کینٹ) میں ایک جامع اور مؤثر مشترکہ آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔یہ اہم آگاہی پروگرام کمشنر پشاور ڈویژن جناب ریاض محسود اور معزز محتسب اعلیٰ خیبر پختونخوا محترمہ رباب مہدی کی خصوصی قیادت اور سرپرستی میں منعقد ہوا، جو خواتین کے حقوق کے تحفظ، قانونی آگاہی کے فروغ اور سماجی انصاف کے قیام کے لیے ادارہ جاتی عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔سیشن کے دوران خواتین کو ان کے قانونی حقوق سے آگاہ کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی، جن میں بالخصوص خواتین کے وراثتی حقوق، کام کی جگہ پر ہراسانی سے متعلق قوانین، اور قانونی تحفظ کے دستیاب طریقہ کار شامل تھے۔ مختلف سرکاری محکموں، جامعات، وکلا برادری، خواتین پروفیشنلز، کاروباری نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد نے اس پروگرام میں بھرپور شرکت کی۔کمشنر پشاور ڈویژن جناب ریاض محسود نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے، ضلعی سطح پر مشترکہ اقدامات، اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں محتسب اعلیٰ کے دفتر کے ساتھ مل کر مختلف اضلاع میں مشترکہ کھلی کچہریوں کے انعقاد، عوامی شکایات کے بروقت ازالے، اور خواتین سمیت تمام شہریوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے مشترکہ مہمات چلائی جائیں گی۔
معزز محتسب اعلیٰ محترمہ رباب مہدی نے اپنے خطاب میں خواتین کو بااختیار بنانے، قانونی تحفظ کے نظام کو مؤثر بنانے، اور عوام دوست اصلاحات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محتسب ادارہ کمشنر پشاور ڈویژن کے تعاون سے ضلعی سطح پر آگاہی پروگرام، موبائل کمپلینٹ سیلز، اور عوامی رسائی کے اقدامات کو مزید وسعت دے گا تاکہ انصاف ہر شہری تک پہنچ سکے۔پروگرام کے اختتام پر دونوں اداروں کی جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں باہمی تعاون، ادارہ جاتی ہم آہنگی، اور مربوط منصوبہ بندی کے ذریعے عوامی خدمت، خواتین کے حقوق کے تحفظ، اور شفاف حکمرانی کے اہداف کو مشترکہ طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔






