چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ایڈیشنل سیکرٹری جودت ایاز اور چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ ملاقات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکٹرک چارجنگ سٹیشنز کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکٹرک چارجنگ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے حوالے سے ریگولیشنز اپنالی ہیں اور اب ان ریگولیشنز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ ان ریگولیشنز کے مطابق کمرشل عمارات میں 3 فیصد چارجنگ کی سہولت کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور ریگولیشنز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریباً تمام 138 فلنگ سٹیشنز پر چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنا لازمی ہے۔ اسی طرح موجودہ فلنگ اسٹیشنز پر ایک الیکٹرک چارجنگ پوائنٹ اور نئے فلنگ اسٹیشنز پر دو الیکٹرک چارجنگ پوائنٹس لگانا لازمی ہونگے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے وفاقی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر چارجنگ ہب کے قیام کی پلاننگ کی جارہی ہے۔چینی وفد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکڑک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے حوالے سے ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے 3 ڈی پرنٹڈ ہاؤسنگ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 ڈی پرنٹڈ ہاؤسنگ ٹیکنالوجی کے حوالے سے فزیبلٹی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں جدید اور انوویٹو ٹیکنالوجی کے حصول اور کم خرچ گرین اینڈ ایکو فرینڈلی ہاؤسنگ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بھی کام کیا جائے۔ملاقات میں اسلام آباد میں الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک سکوٹیز متعارف کرانے کے سے حوالے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام متعارف کرانے سمیت مختلف ماحول دوست منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس حوالے سے سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ ملاقات میں الیکٹرک چارجنگ انفراسٹرکچر، ماحول دوست ٹیکنالوجی کے حصول اور منصوبوں کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔





