وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا دورہ جہلم،سُتھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ

صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق نے جہلم کا دورہ کر کے ضلعی سطح پر قائم کی گئی سُتھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن بھی موجود تھے۔ اجلاس میں صفائی کے جاری منصوبوں اور ضلع کیلئے مجموعی سٹریٹجک اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سُتھرا پنجاب ایجنسی جہلم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کے اہداف میں پیشرفت کو سراہا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہری صاف ستھرے ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کا ساتھ دیں۔ مقررہ مقاصد کے حصول اور تمام رہائشیوں اور آنے والی نسلوں کے لئے ایک صحتمند معاشرے کی فراہمی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی ماڈل کے تحت مانیٹرنگ کا نظام ضلع سطح پر منتقل ہونے سے دنیا کے صفائی کے سب سے بڑے نظام کی افادیت میں اضافہ ہوگا۔ ذیشان رفیق نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ صفائی کے اہداف کے حصول کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں اور عیدالاضحیٰ کے لئے پلان کی بھی قبل از وقت تیاری یقینی بنائی جائے۔اجلاس کے دوران ایم ڈی سُتھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان اور ڈسٹرکٹ منیجر جہلم علی مراد نے صوبائی وزیر کو فیلڈ آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صفائی ستھرائی کے آپریشنز کے لئے جدید مشینری کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ایم این اے چوہدری فرخ الطاف نے اپنا نقطہ نظر بیان کیا اور جہلم میں صفائی کے انتظامات کو مزید پائیدار بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے بلدیاتی خدمات کو یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے مقامی سطح پر نگرانی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلع انتظامیہ وزیراعلیٰ کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ ویژن کو پورا کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیلڈ سٹاف کو صفر ویسٹ پالیسی کے تحت مکمل طور پر متحرک کیا گیا ہے، جو ضلع کے ہر شعبے میں انتظامی نظم و ضبط اور خدمات کی بہترین کارکردگی کو ترجیح دیتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button