وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس،مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے جاری پراجیکٹس کا جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے جاری پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں پینے کی پانی کی فراہمی کے منصوبے کے تحت ہر فرد / ہر گھر تک صاف پانی کی فراہمی کا عزم کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فلٹریشن پلانٹ، بوتل واٹر اور باؤزرکے ذریعے پانی کی فراہمی جاری ہے۔ اجلاس میں منتخب اضلاع میں پائپ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پائلٹ پراجیکٹ کے لئے ساؤتھ، سنٹرل، نارتھ پنجاب کے 6 اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے۔ راجن پور،لاہور،فیصل آباد، چکوال، راولپنڈی اور مری /کوٹلی ستیاں میں پائپ واٹر پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، واسا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایکسپرٹس سے مشاورت کی ہدایت کی اور کم آمدن والے گھرانوں کو پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ میں ترجیح دینے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صاف پانی کے ذرائع سے محروم علاقوں میں پانی پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے میٹنگ کے دوران ہی ڈی سی راجن پور عمران رانجھا اور ڈی سی چکوال سارہ حیات سے متعلقہ اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں پانی کی کمی اورآبی آلودگی کا شکار علاقوں میں واٹر ٹینکر / واٹر باؤزر کے ذریعے پانی پہنچانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹس پر عملدرآمد کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی تجویز کا جائزہ بھی لیاگیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بوتل واٹر پلانٹ کو پوری استعداد کے ساتھ چلانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کوہ سلیمان کے دوردراز علاقوں میں بوتل بند پانی پہنچنے پر مسرت کا اظہار کیا اور شاباش بھی دی۔

جواب دیں

Back to top button