وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے "پشاور کی عظمتِ رفتہ کی بحالی” منصوبے کے تحت رنگ روڈ پر کبوتر چوک انڈر پاس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
پشاور کی تاریخ کے سب سے بڑے 200 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت شہر بھر میں جدید شہری انفراسٹرکچر، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ریوائٹلائزیشن آف پشاور پروگرام کے تحت 95 ارب روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں، جن کا مقصد پشاور کو ایک جدید، مربوط اور پائیدار شہری مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔کبوتر چوک انڈر پاس منصوبہ ایک ارب 98 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے صرف 60 دن میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی، سفر مزید آسان اور محفوظ ہوگا جبکہ شہریوں کا قیمتی وقت، ایندھن اور وسائل بھی محفوظ ہوں گے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاور تیزی سے جدید شہری انفراسٹرکچر، مؤثر ٹریفک نظام اور مضبوط مقامی معیشت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں گے اور شہر کی خوبصورتی، فعالیت اور معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔






