الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے حلقہ جی بی اے-09 (سکردو-III) میں خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، راجہ شہباز خان (تمغۂ شجاعت) نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 102 اور سیکشن 57 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے ضمنی انتخاب کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔انتخابی پروگرام کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے عوامی نوٹس 14 جولائی 2026 کو جاری کیا جائے گا، جبکہ امیدوار 15 جولائی سے 20 جولائی 2026 تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 جولائی کو جاری کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 جولائی سے 28 جولائی 2026 تک مکمل کی جائے گی۔
ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 29 جولائی سے یکم اگست 2026 تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ اپیلیٹ ٹربیونل ان اپیلوں پر 8 اگست 2026 تک فیصلے صادر کرے گا۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 9 اگست کو جاری ہوگی، امیدوار 10 اگست تک دستبردار ہو سکیں گے، جبکہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور حتمی فہرست امیدواران 11 اگست 2026 کو جاری کی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ جی بی اے-09 (سکردو-III) میں پولنگ ہفتہ، 5 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگی۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ضمنی انتخاب آئین و قانون کے تقاضوں کے مطابق آزاد، منصفانہ، شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد کیا جائے گا تاکہ عوام اپنے نمائندے کا انتخاب آزادانہ طور پر کر سکیں۔






