گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال مسلسل توجہ اور مربوط کوششوں کی متقاضی ہے اور اس امر پر زور دیا کہ متاثرہ افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ملک کفایت الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں تانگیر ویلی، دیامر سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر جنگلات محمد عمران وکیل اور کوہستان کے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبد الستار خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورتحال سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ عبد الستار خان نے کہا کہ کوہستان کے عوام سید یوسف رضا گیلانی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے دور اقتدار میں داسو میں ڈگری کالج کے قیام کے لیے اقدامات کیے۔ایک علیحدہ ملاقات میں وفاقی سطح پر پاکستان کے پانچ محتسبین کے احکامات کے خلاف وفاقی محتسبین ادارہ جاتی اصلاحات ایکٹ 2013ء کی دفعہ 14 کے تحت دائر کی گئی نمائندگیوں پر صادر کیے گئے فیصلوں سے متعلق قانونی امور کے کنسلٹنٹ جسٹس (ر) عرفان قادر نے قائم مقام صدر کو آگاہ کیا۔پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز کے چیئرمین عثمان اسلم ملک کی قیادت میں ایک وفد نے بھی قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور انہیں ملک کی آٹو موبائل صنعت سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ ایک اور ملاقات میں ڈاکٹر کلیم زیدی اور روزنامہ خبریں ملتان کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر سید سجاد بخاری نے بھی سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملتان اور جنوبی پنجاب سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سید یوسف رضا گیلانی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود میں ذاتی دلچسپی لی۔دریا خان، بھکر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عبدالغفار جھمٹ نے بھی قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقے سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔

جواب دیں

Back to top button