بلدیاتی انتخابات،پنجاب حکومت کا جواب غیر تسلی بخش قرار،الیکشن کمیشن کی لسٹیں فراہم کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

الیکشن کمیشن کا پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد درانی،بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ریٹائرڈ) اکرام اللہ خان، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ حکومت پنجاب نے الیکشن کمیشن کی چٹھی مورخہ 12 اکتوبر 2026 اور ڈرافٹ الیکشن پروگرام کے جواب میں مورخہ 14 اکتوبر 2026 کو جواب دیا ہے کہ صوبائی حکومت دسمبر میں گہری دھند اور سخت سرد موسمی حالات اور اس کے بعد فروری میں ماہ رمضان کے شروع ہونے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات 3 مرحلوں میں کروانا چاہتی ہے۔ جو کہ اپریل 2027 میں ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ صوبائی گورنمنٹ کے ساتھ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ (3) 219 کے تحت مورخہ 20 اگست 2026 کو مشاورتی عمل مکمل کر لیا گیا تھا۔ جس میں صوبائی حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی مورخہ 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران کروانے پر رضامندی ظاہر کر دی تھی۔ اب صوبائی حکومت مذکورہ بالا تجویز کردہ تاریخوں کو تبدیل کروانا چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لہذا دفتر کو حکم دیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ الیکشن پروگرام الیکشن کمیشن کی منظوری کیلئے فوراً پیش کریں۔ مزید الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو افسران کی لسٹ مہیا کرنے کا کہا تھا۔ تاکہ انہیں بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ، ریٹرنگ آفیسر اور اسٹنٹ ریٹرنگ آفیسر تعینات کیا جاسکے۔ یہ لسٹیں ابھی تک مہیا نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا اور صوبائی حکومت کو کہا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر یہ لسٹیں مہیا کریں۔

جواب دیں

Back to top button