ضلع بھر میں ٹریفک کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بڑھتی تجاوزات کے خلاف میئر مردان حمایت اللہ مایار کی بروقت مداخلت اور فعال قیادت کے نتیجے میں ایک اہم اور جامع اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر مردان، ڈی ایس پی ٹریفک اور شہر بھر کی مختلف ویلج کونسلز کے چیئرمینوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹریفک مسائل، تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور بے ہنگم تعمیرات پر تفصیلی غور کیا گیا اور قابلِ عمل تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں بے ہنگم ٹریفک نے نہ صرف ٹریفک کی روانی کو شدید متاثر کر رکھا ہے بلکہ اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ، معصوم بچوں، مریضوں اور ایمبولینس سروس کے لیے بھی سنگین مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ شرکاء نے نشاندہی کی کہ منظور شدہ نقشوں کے برخلاف تعمیر شدہ عمارتوں اور پلازوں میں پارکنگ ختم کر کے دکانیں بنا دی گئی ہیں، جبکہ متعدد پلازوں کی پارکنگ کو مبینہ ملی بھگت اور رشوت کے ذریعے دکانوں میں تبدیل کیا گیا، جو شہری منصوبہ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ میئر مردان حمایت اللہ مایار نے اجلاس میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ

ٹریفک کا مسئلہ محض انتظامی نہیں بلکہ عوامی سلامتی کا معاملہ بن چکا ہے، جس کے حل کے لیے بلاامتیاز کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شرکاء نے میئر مردان کی جرات مندانہ اور عوام دوست قیادت کو سراہتے ہوئے اسے شہر کے لیے مثبت اور بروقت قدم قرار دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شیر زمان ڈوگر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ تیز رفتار اور چنگ چی کے لیے نیا مکینزم تشکیل دے دیا گیا ہے، جس کے تحت شہر میں داخل ہونے والی تیز رفتار گاڑیوں کو اندرونِ شہر آنے سے روکا جا رہا ہے تاکہ سڑکوں پر غیر ضروری دباؤ کم ہو۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی تیز رفتار اڈے ختم کر دیے گئے ہیں اور بالخصوص بنک روڈ پر تیز رفتار اور چنگ چی کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تاجر تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے انہیں دکانوں سے باہر سامان سجانے سے روک دیا گیا ہے تاکہ فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کے لیے بحال کیے جا سکیں۔ ڈی ایس پی ٹریفک نے اس موقع پر کہا کہ ٹریفک نظام کی بہتری میں تاجروں کا کردار انتہائی اہم ہے اور ان کے تعاون کے بغیر بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں تیز رفتار اور چنگ چی کی بھرمار نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر رکھا ہے، تاہم تیز رفتار کی رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک نے میئر مردان کو یقین دہانی کرائی کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی روشنی میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے جامع مکینزم تیار کر لیا گیا ہے، جس کے مثبت نتائج عوام آئندہ چند دنوں میں واضح طور پر دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی، غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ پلازوں اور روڈ پر بنائی گئی پارکنگ کے خاتمے کا بھی اعلان کیا۔ عوامی نمائندگان نے اجلاس میں شکایت کی کہ بعض تاجر دکانوں کے سامنے سڑک اور فٹ پاتھ کو کرائے پر دے دیتے ہیں، جس کے باعث پیدل چلنے والے سڑک پر آنے پر مجبور ہوتے ہیں اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے پرائیویٹ ہسپتالوں کے سامنے غیر قانونی پارکنگ اور سڑک پر مریض اتارنے کے عمل کے خلاف بھی فوری آپریشن کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر میئر مردان حمایت اللہ مایار نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک اور تجاوزات کے مسائل کے حل کے لیے عملی، مسلسل اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور منظم ٹریفک نظام میسر آ سکے۔






