سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کی زیر صدارت جنوبی پنجاب کے 2000 دیہاتوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں سیوریج، واٹر سپلائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بڑے منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشاورتی فرموں کے اعلیٰ حکام، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمر سہیل کیفی اور سی ای او پی آر ایم سی اسد اللہ نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے 1800 دیہاتوں کے لیے فزیبیلٹی رپورٹس کی فوری تیاری کی ہدایت جاری کی، تاکہ ہر علاقے کی ضروریات کے مطابق مؤثر اور قابل عمل منصوبہ بندی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاؤں کی نوعیت، جغرافیہ اور موجودہ مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے علیحدہ فزیبیلٹی تیار کی جائے گی۔اجلاس میں گندے پانی کے جوہڑوں کی صفائی کے لیے بائیو ریمیڈیل ٹریٹمنٹ پلان تشکیل دینے پر بھی زور دیا گیا۔ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ ہر جوہڑ کے لیے علیحدہ بائیو ریمیڈیل پلان اور نکاسی آب کا مؤثر نظام تجویز کیا جائے تاکہ مقامی ماحولیاتی اور صحت کے مسائل کا دیرپا حل فراہم کیا جا سکے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کنسلٹنٹس کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ ڈیڈ لائن تک تمام ڈیزائن اور تخمینے محکمہ کو جمع کروائیں۔ ساتھ ہی فوری طور پر فیلڈ سروے کے آغاز کی بھی تاکید کی تاکہ عملی اقدامات میں تاخیر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ترجیحات کی عملی عکاسی ہے، جس کا مقصد پسماندہ علاقوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا اور دیہی و شہری تفریق کو کم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فزیبیلٹی مکمل ہوتے ہی منصوبے کے مختلف مراحل پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔شکیل احمد میاں نے کہا کہ جوہڑوں کے خاتمے سے نہ صرف پانی کی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ عوام کو مختلف بیماریوں سے بھی بچایا جا سکے گا۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ بلدیات تمام ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنائے گا۔

جواب دیں

Back to top button