چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد میں موٹرسپورٹس کے فروغ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر انجینئرنگ ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول اور دیگر افراد نےشرکت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ

سی ڈی اے اسلام آباد میں مختلف کھیلوں کی سہولیات میں مزید اضافہ کرنے کے لیے انتہائی سنجیدہ کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا سی ڈی اے کا مقصد نہ صرف موٹر اسپورٹس بلکہ دیگر سپورٹس کو فروغ دینا ہے کیونکہ سپورٹس صحت مند اور متحرک تفریحی سرگرمی کو فروغ دیتے ہیں تاکہ وفاقی دارالحکومت میں کھیلوں کی مجموعی سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سہولت نوجوانوں میں محفوظ اور ڈرائیونگ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد دے گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے جدید کھیلوں کی سہولیات کی تعمیر و ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موٹر سپورٹس کمیونٹی انگیجمنٹ کے لیے بھی ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نےکہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد میں موٹرسپورٹس کے فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس کی مکمل سہولیات فراہم کرے گا تاکہ عوامی دلچسپی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضروری سہولیات کی فراہمی اور بہتری کو یقینی بنایا جائے گا۔






