چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ایم ڈی نیشنل انرجی ایفشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (NECCA) ڈاکٹر سردار معظم اور دیگر متعلقہ سنئیر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں توانائی کی بچت اور کنزرویشن کیلئے اسلام آباد میں بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسی طرح اجلاس میں سرکاری و کمرشل عمارات و ایریاز میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام سے متعلق مختلف اقدامات پر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 اور PEC بائی لاز پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے سی ڈی اے کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں اسلام آباد کی تمام نئی تعمیرات و بلڈنگز میں NEECA بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا۔ اجلاس میں بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد کیلئے توانائی کی بچت و کنزرویشن کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیرات کے مالیاتی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ واضح رہے ان بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد سے شہریوں کو توانائی کی کنزرویشن سے مالی طور پر بھی بچت ہوگی۔بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ نیکا کا ادارہ ان بلڈنگ کوڈز پر عملدرامد کیلئے متعلقہ اداروں میں مختلف ٹریننگ پروگرامز کا بھی انعقاد کررہا ہے۔ اسی طرح بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے نیکا نے سافٹ وئیر و ٹولز تیار کیا ہے جسمیں بلڈنگ پرفارمنس ڈیٹا بیس ٹول، ECBC کمپلائنس ٹول اور ریزیڈینشل لوڈ فیکٹر ٹول متعارف کرائے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے پرانی رہائشی و کمرشل عمارتوں کو بھی نئے بلڈنگ کوڈز کے مطابق لانے کیلئے فنانشل ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے تعمیر شدہ اور پرانی عمارتوں میں بھی مالیاتی جائزہ کے بعد مرحلہ وار نئے بلڈنگ کوڈز کو نافذ کیا جائے۔اجلاس میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے حوالے سے وزیر اعظم کے وژن پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد شہر میں تمام پٹرول پمپس پر چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری اور کمرشل بلڈنگز و ایریاز میں چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایم ڈی نیکا نے کہا کہ نیکا سے جسٹرڈ چارجنگ اسٹیشنز کو سبسڈائذڈ ریٹ پر بجلی فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں سی ڈی اے کی الیکٹرک فیڈر بسوں کو نیکا کے ساتھ رجسٹرڈ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں توانائی کے تحفظ، انرجی ایفیشنٹ بلڈنگ کوڈز کے مطابق تعمیرات اور اسلام آباد بھر میں EV چارجنگ اسٹیشنز کی فراہمی پر اتفاق رائے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔






