چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی انتظامات کیلئے اقدامات کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر ڈیزائن و پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، اسلام آباد پولیس و ضلعی انتظامیہ سمیت سی ڈی اے کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سیکورٹی کے انتظامات کی بہتری کیلئے کئے گئے ابتک اقدامات پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد شہر میں تمام احساس ایریاز اور عمارتوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے داخلی و خارجی گیٹس پر کام جاری ہے اسی طرح سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں کے اطراف حفاظتی باڑ نصب کی جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اہم مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور انکے ذریعے مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ تمام حساس عمارتوں اور مقامات کے اطراف سیکورٹی کے اضافی انتظامات کئے جارہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سیکورٹی گیٹس اور حفاظتی باڑ لگانے کے کام کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو، ریڈ زون اور دیگر حساس مقامات پر سیکورٹی کے انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران سکیورٹی کے کاموں کی نگرانی کیلئے اپنے ایریاز کا باقاعدہ دورہ کرکے جائزہ لیتے رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکورٹی کے اقدامات کو انکی ٹائم لائنز کے مطابق جلد مکمل کریں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات اور شہریوں کی جان و املاک کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔





