چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعرات کے روز سیکٹر ڈویلپمنٹ میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے سیکٹرز میں ڈویلپمنٹ ورک اور پلاٹس مالکان کو قبضہ حوالگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے سیکٹر ڈویلپمنٹ میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیویلپڈ پلاٹس کا قبضہ جلد دینے کی ہدایت کی۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر C-14 کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر C-14 میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح 95 فیصد سے زائد بجلی کی فراہمی کا بھی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مرکزی شاہراہوں پر لائٹ پولز کی تنصیب کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر C-14 کی شاہراہوں اور گلیوں پر سائن بورڈز کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ انوائرمنٹ ونگ کی جانب سے مرکزی شاہراہوں پر لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام بھی تیزی کیساتھ جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سیکٹر C-14 کے داخلی راستوں پر ڈیجیٹل بورڈ نصب کیا جایا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران سیکٹر C-14 کا خود دورہ اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیں تاکہ نئے سیکٹرز پر پوزیشن دینے کے عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جاسکے۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی محمد علی رندھاوا کو سیکٹر C-15 میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹر C-15 کی تقریباً 37 گلیوں کا سب بیس کا کام جاری ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ سیکٹر C-15 میں ریلوے برج کیلئے این او سی کے حصول کا عمل اور اسکے ڈیزائن کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات جلد حاصل کی جائینگی۔ اجلاس میں سیکٹر E-12 میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹر E-12 کے سب سیکٹرز 1 اور 2 میں سڑکوں پر سب بیس کا کام پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے۔ اسی طرح سیکٹر E-12 میں کمرشل مرکز کے اردگرد مرکزی سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ سیکٹر E-12 میں بجلی کی فراہمی پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔اجلاس میں سیکٹر I-12 کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا کہ سیکٹر I-12 میں ڈویلپمنٹ کا کام پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے جبکہ سیکٹر I-12 میں سروس روڈ پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے تمام سیکٹرز میں مرکزی شاہراؤں اور گلیوں کے سائن بورڈز لگانے کے کام کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام نئے سیکٹرز میں پلاٹس کی لوکیشن کیلئے ای۔مپ تیار کئے جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پارک انکلیو میں بجلی کے مسئلے کو جلد حل کرنے، روڈ کارپٹنگ کے کام اور قابضین کے خاتمے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کو بہترین رہائشی سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکٹرز کے ترقیاتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے شہریوں کو جلد از جلد انکے پلاٹس کے قبضہ کی حوالگی کو یقینی بنایا جائیگا۔





