ٹرین منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں کمی آئے گی،چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ریل کار چلانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت پاکستان ریلویز اور سی ڈی اے کے متعلقہ سنئیر افسران نے شرکت کی۔

اس سلسلہ میں سی ڈی اے اور پاکستان ریلویز جڑواں شہروں کے درمیان ٹرین چلانے کے حوالے سے جلد مفاہمتی یاداشت پر دستخط کریں گے۔ منصوبے کے تحت جڑواں شہروں کے درمیان جدید ٹرین سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں ای وی ٹرین منصوبے کے لے آؤٹ پلان، بہترین بزنس ماڈل اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو منصوبے کیلئے کئے گئے رائیڈر شپ جائزہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ای وی ریل کار منصوبے سے کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے طریقے کار قوائد و ضوابط کے کو پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی افادیت کو مزید بڑھانے کیلئے اس سروس کو اسلام آباد کے دیگر علاقوں جہاں ریلوے نیٹ ورک موجود ہو تک رسائی دینے پر بھی کام کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے الیکٹرک فیڈر بسوں کو مارگلہ ریلوے سٹیشن سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس منصوبے سے شہریوں کیلئے سستا، محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم ہوگا اور ٹرین سروس منصوبہ دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بین الاقوامی معیار اور بہترین تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کیلئے جدید ترین نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

Back to top button