چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت گندھارا ہیریٹیج میوزیم سے متعلق سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کورین ہیریٹیج ماہرین اور وزارت ثقافت و ورثہ کے افسران سمیت سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر ماحولیات اسفندیار بلوچ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کورین ماہرین نے حال ہی میں اسلام آباد میں میوزیم کے اندر جدید ہیریٹیج گیلری تیار کی ہے جسے شہریوں کیطرف سے بہت پذیرائی ملی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کورین ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ گندھارا ہیریٹیج اور کلچرل سینٹر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کورین ماہرین کو گندھارا ہیرٹیج اور کلچرل سینٹر میں میوزیم کے قیام کے حوالے سے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی۔ تجاویز میں جدید ٹیکنالوجی، ویڈیو گیلری اور جمالیاتی بہتری شامل ہوگی۔ اس ضمن میں کورین وفد گندھارا ہیریٹیج اور کلچرل سینٹر کا دورہ کرے گا اور دورے کے بعد اپنی تجاویز جمع کرائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کورین ماہرین کے تجربات سے بھرپور استفادہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورین ہیریٹیج ماہرین کو اس عمل میں شامل کرنے کا مقصد ایک خوبصورت اور عالمی معیار کا گندھارا میوزیم تیار کرنا ہے۔






